حیدرآباد: انتہائی افسوس کے ساتھ یہ اطلاع دی جاتی ہے کہ دکن کی معروف علمی، روحانی و سماجی بزرگ شخصیت حضرت العلامہ حافظ و قاری محمد عثمان نقشبندی سابق امام مکہ مسجد و خطیب مسجد پرنس شہامت جاہ آج صبح اپنے مالکِ حقیقی سے جا ملے۔ مرحوم کی نماز جنازہ 17 جون 2023 کو تاریخی مکہ مسجد میں مفتی خلیل احمد شیخ جامعہ نے پڑھائی۔
ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی نے ہفتہ کی صبح امام مکہ مسجد کا آخری دیدار کیا اور بعد نماز عصر نماز جنازہ میں شرکت کی۔ انہوں نے گہرے رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حافظ مولانا محمد عثمان نقشبندی حافظ، قاری عالم دین اور ایک اسلامی اسکالر تھے۔ انہوں نے تقریباً پچاس سال تک حیدرآباد کی مکہ مسجد میں امامت کی۔ بحسن خدمات انجام دیں۔ علاوہ ازیں متعدد انجمنوں سے بھی وابستہ تھے۔
انہوں نے کہا کہ مرحوم زندگی بھر تبلیغ دین اور ملت کی خدمت میں مصروف رہے۔ وزیر موصوف نے مولانا عثمان نقشبندی کی وفات پر کہا کہ امت مسلمہ نے ایک عظیم شخصیت کو کھویا ہے، جن کا نعم البدل مشکل ہے۔ وزیر داخلہ نے دعاء فرمائی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ علیین مقام عطا فرمائے. انہوں نے پسماندگان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وقف بورڈ چیئرمین محمد مسح اللہ خان، رحیم اللہ خان نیازی سمیت متعدد رہنما موجود تھے۔