انکم ٹیکس کے ذرائع کے مطابق آج صبح کی اولین ساعتوں سے دس مقامات پر ایک ساتھ آئی ٹی کے عہدیداروں کی جانب سے تلاشی کا سلسلہ جاری ہے۔
بتایاجاتا ہے کہ سریش پروڈکشن کے دفاتر سے کئی اہم دستاویزات آئی ٹی کے عہدیداروں کے ہاتھ لگے ہیں جن کا تجزیہ کیاجائے گا۔عہدیدار گزشتہ تین سالوں کے ریکارڈس کا بھی تجزیہ کررہے ہیں۔ڈی سریش تلگو فلموں کے مشہور پروڈیوسر ہیں۔ان کے مکانات اور دفاتر میں تلاشی لی گئی۔
حالیہ عرصہ میں سریش بابو،چھوٹی فلموں کے ڈسٹری بیوشن کا کام بھی کررہے تھے۔تلگو ریاستوں میں ان کی بعض تھیٹرس بھی ہیں۔چند دن قبل مووی میکرس،دل راجو،کے ایل نارائن کے مکانات اور دفاتر کی بھی آئی ٹی عہدیداروں کی جانب سے تلاشی لی گئی تھی۔اس آئی ٹی تلاشی کے سبب ٹالی ووڈ میں بے چینی پھیل گئی ہے۔
گزشتہ ماہ مشہور فلم پروڈیوسر،ڈسٹری بیوشن ادارہ ایشین سنمیا کے دفاتر پر بھی آئی ٹی کے عہدیداروں کی مختلف ٹیموں کی جانب سے چھاپے مارے گئے تھے۔اس ادارہ کے ذمہ داروں نارائنا داس،سنیل نارنگ کے مکانات سمیت ان کے رشتہ داروں اور دوستوں کے مکانات پر بھی چھاپے مارے گئے تھے۔