محکمہ صحت کی جانب سے 10 ہزار ملازمین کو ٹیکہ اندازی کی تربیت دی گئی ہے اور ہر ایک ہیلتھ کیئر ورکر ایک دن میں کم از کم 100 افراد کی ٹیکہ اندازی انجام دے گا۔ روزانہ 10 لاکھ افراد کی ٹیکہ اندازی کے ذریعہ ریاست میں جلد از جلد یہ مرحلہ مکمل کرلیا جائے گا تاکہ کورونا کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔
تلنگانہ میں 70 تا 80 لاکھ افراد کو ٹیکہ اندازی کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ وزیر صحت ای راجندر نے سینئر عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ وہ کورونا ویکسین کی ٹیکہ اندازی کے مسئلہ پر عہدیداروں سے مسلسل ربط میں ہیں۔ پہلے مرحلہ میں ہیلتھ کیئر ورکرس اور فرنٹ لائن ورکرس کو ٹیکہ دیا جائے گا۔ جن کا تعلق محکمہ جات، صحت ، پولیس ، میونسپل ایڈمنسٹریشن اور فائر سروسز سے ہوگا۔
دوسرے مرحلہ میں 50 سال سے زائد عمر کے افراد کو دوا دی جائے گی۔ اس کے علاوہ مختلف عوارض کا شکار 50 سال سے کم عمر کے افراد کو ترجیح دی جائے گی۔ وزیر صحت نے بتایا کہ ٹیکہ اندازی کا کام خوشگوار اور تیزی سے مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پہلی دوا کے بعد 28 دن کے وقفہ سے دوسرا ٹیکہ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکہ اندازی کے مراکز پر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ پینے کا پانی اور دیگر سہولتوں کے علاوہ نشستوں کا معقول انتظام رہے گا۔