حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیراعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ کی بیٹی اور بی آر ایس لیڈر کے کویتا نے جمعہ کے روز کہا کہ وہ نہیں جانتی ہیں کہ ایک تاجر کی بیوی سے 200 کروڑ روپے کی خورد برد کرنے والا مبینہ دھوکہ باز سکیش چندر شیکھر کون ہے۔۔۔؟ خود کو چندر شیکھر سے جوڑنے کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کویتا نے کہا کہ کچھ میڈیا ادارے جان بوجھ کر تلنگانہ حکومت، بی آر ایس پارٹی اور ان کے خلاف جھوٹی خبریں پھیلا رہے ہیں۔ سکیش چندر شیکھر کے ذریعہ جاری کردہ مبینہ چیٹس کا جواب دیتے ہوئے کے کویتا نے کہا کہ گزشتہ چند دنوں سے کچھ میڈیا ادارے جان بوجھ کر تلنگانہ حکومت، بی آر ایس پارٹی کے خلاف غلط خبریں اور غلط پروپیگنڈہ پھیلا رہے ہیں۔
کے کویتا نے کہا کہ انہیں بدنام کرنے کی پہلے سے منصوبہ بند سازش کی جارہی ہے۔ قومی سطح پر بی آر ایس پارٹی کی مقبولیت اور کے سی آر کا سامنا کرنے کی ہمت نہ ہونے کی وجہ سے کچھ میڈیا ادارے جو تلنگانہ حکومت کے خلاف ہیں جان بوجھ کر بی آر ایس پارٹی کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈہ پھیلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایم ایل اے رگھونندن راؤ کے مرکزی الیکشن کمیشن کو لکھے گئے ایک گمنام خط جاری کرنا، اس کے بعد ایم پی اروند کی طرف سے سوشل میڈیا پر کیچڑ اچھالنا پہلے سے منصوبہ بند تھا۔
انہوں نے کہا کہ وہ سکیش چندر شیکھر سے واقف بھی نہیں ہیں۔ لیکن حقائق کی پرواہ کیے بغیر کچھ میڈیا ہاؤس ان کے خلاف مسلسل جھوٹی خبریں پھیلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے عوام سمجھدار ہیں، آخر جیت سچائی کی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وہ مجرم سکیش کو مُہرے کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔ وہ تلنگانہ حکومت، ٹی آر ایس پارٹی، کے سی آر اور ان کے ارکان خاندان کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس سے قبل بھی میرے موبائل فون کے حوالے سے جھوٹی خبریں شائع کی گئیں۔
یہ بھی پڑھیں : Sukesh Chandrashekhar case: جیکلین اور نورا کے علاوہ ان بالی ووڈ حسیناؤں کو بھی سُکیش چندر سے مہنگے تحائف ملے
دراصل، مبینہ ٹھگ سکیش چندر شیکھر نے بدھ کے روز جیل میں بند عآپ لیڈر ستیندر جین اور بی آر ایس لیڈر کویتا کے ساتھ اپنی مبینہ واٹس ایپ چیٹ کو شیئر کیا۔ اس وقت دہلی کی منڈولی جیل میں بند چندر شیکھر پر ایک تاجر کی بیوی سے 200 کروڑ روپے کی خورد برد کا الزام ہے۔ چندر شیکھر نے الزام لگایا ہے کہ دہلی ایکسائز پالیسی گھوٹالہ کے سلسلے میں عام آدمی پارٹی، وزیر اعلی اروند کیجریوال اور بی آر ایس لیڈر کے درمیان تعلق ہے۔