حیدرآباد: ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی نے حج ہاؤز میدان میں منعقدہ تقریب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر کی ریاستوں کے لیے تلنگانہ اور لیڈروں کے لیے کے سی آر رول ماڈل ہیں۔ کیونکہ پچھلے نو برسوں کے مختصر عرصہ میں وزیر اعلیٰ کے چندرا شیکھر راؤ نے تلنگانہ ریاست کو مجموعی طور پر غیر معمولی ترقی دلائی ہے۔
ڈرائیور کم اونر اسکیم کے تحت پچھلے برسوں کی ماباقی 20 ماروتی گاڑیوں کی تقسیم کے موقعے پر تلنگانہ اقلیتی مالیتی کارپوریشن نے ایک تقریب منعقد کی جس کی کارروائی تلنگانہ اقلیتی مالیتی کارپوریشن کے چیرمن محمد اسحٰق نے کی۔ تقریب کو مخاطب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت تلنگانہ اقلیتوں اور غریبوں کی ترقی اور فلاح و بہبود کے لیے سنجیدہ ہے اور ہمیشہ ان کی فلاح کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت تلنگانہ نے اب تک جملہ 900 گاڑیاں تقسیم کر چکی ہے۔اس اسکیم کا مقصدغریب ڈرائیونگ پیشہ نوجوانوں کی مالی امداد ہے۔اس اسکیم سے سینکڑوں غریب خاندانوں کی معاشی حالت میں سدھار آئے گا۔وزیر موصوف نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت درخواست گزاروں کو روڈ سیفٹی ، گاڑیوں کی دیکھ بھال، ڈرائیورزکے اچھے برتاؤ اور ٹکنالوجی کا استعمال جیسی ٹریننگ دی گئی ہے، تاکہ ان کی پیشہ وارانہ مہارت میں اضافہ ہو، مزید کہا کہ منتخب امیدواوں کو ماروتی سوزوکی ٹور گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں۔ جس کی لاگت نو لاکھ روپئے ہے۔
امیدواروں کو 60 فیصد سبسیڈی دی جارہی ہے۔ انہیں صرف 40 فیصد رقم ماہانہ قسطوں میں بینک کو ادا کرنا ہے۔ وزیر موصوف نے کہا کہ وزیراعلی کلوا کنٹلا چندرا شیکھر راؤ کی متحرک قیادت میں تلنگانہ حکومت کی شروع کردہ اقلیتی اسکیمات ملک بھر میں مثالی ہیں۔ انہوں نے منتخب امیدواروں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس اسکیم کا بہترین استعمال کرتے ہوئے اپنی اور اپنے خاندانوں کی معیشت کو سنواریں۔اور ہر قسم کے بے جا اخراجات سے پرہیز کریں ،اور ٹریفک قوانین کی پابندی کریں کیونکہ تلنگانہ کے سی سی ٹی وی کیمرے ہر وقت آپ پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
آخر میں انہوں نے امیدواروں سے کہا کہ ہرمہینے پابندی کے ساتھ بینک میں ماہانہ قسط ادا کریں۔ اس کے علاوہ وزیر داخلہ نے میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے حکومت تلنگانہ کی شروع کردہ اسکیمات بالخصوص اقلیتوں کے لیے شروع کردہ اسکیمات ریسیڈینشیل اسکولس، اسکالرشپ، شادی مبارک، مفت پینے کا پانی، معیاری بجلی ، وظائف، کے سی آر کٹ،رعیتو بندھو، رعیتو بیمہ، دلت بندھو کے علاوہ دیگر اسکیمات کا ذکر کیا۔
مزید پڑھیں: TSRTC to Launch Electric Buses ٹی ایس آر ٹی سی برقی بسیں شروع کرے گی
وزیر داخلہ نے کہا کہ بی آر ایس پارٹی کے روحِ رواں کلوا کنٹلا چندرا شیکھر راؤ ایک عملی سیکولر قائد ہیں۔ ملک بھر میں ان جیسا قائد شائد ہی کہیں نظر آئے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے قومی پارٹی تشکیل دی ہے تاکہ ملک میں پھیلی بے چینی، افرا تفری، نفرت اور بد امنی کا خاتمہ کیا جاسکے۔ تلنگانہ کی طرز پر ملک بھر کو ترقی دی جاسکے۔ اس تقریب میں اراکین اسمبلی جعفر حسین معراج ، احمد بلعلہ، رکن قانون ساز کونسل ریاض الحسن آفندی ، تلنگانہ اقلیتی مالیتی کارپوریشن چیرمن محمد اسحٰق،ریاستی حج کمیٹی چیرمن محمدسلیم، اردو اکیڈمی چیرمن محمد مجیب الدین، مینیجنگ ڈائریکٹر محترمہ کانتی ویزلی، پارٹی قائد بدرالدین کے علاوہ دیگر شریک تھے۔