تلنگانہ ہائی کورٹ نے سکریٹریٹ کی پرانی عمارت کی انہدامی کارروائی کو پیر تک کے لئے روک دینے کی ریاستی حکومت کو ہدایت دی ہے۔
اس سلسلے میں عدالت نے ایک حکم جاری کیا۔ پی ایل وشویشور راو نے ہائی کورٹ میں مفاد عامہ کی عرضی داخل کرتے ہوئے انہدامی کارروائی روک دینے کی درخواست کی تھی۔
عدالت نے اس عرضی کی سماعت کے بعد انہدامی کارروائی روک دینے اور تمام تفصیلات پر مبنی جوابی حلف نامہ داخل کرنے کی حکومت کو ہدایت دی ہے۔
عرضی گزار کی جانب سے کہا گیا تھا کہ انہدامی کارروئی کی وجہ سے علاقے میں ماحول آلودہ ہو گا اور کووڈ 19 کے دوران ماحول آلودہ ہونے سے لوگوں کی صحت کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
کورٹ نے عمارت کی انہدامی کارروائی پر روک لگاتے ہوئے انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ ریاستی پولیوشن کنٹرول بورڈ اور میونسپل اتھارٹی سے اجازت لینے کے بعد ہی انہدامی کارروائی کرنے کا فیصلہ کریں۔
واضح رہے کہ پرانی سیکڑیٹریٹ میں دو مساجد اور ایک مندر بھی ہے جنہیں منہدم کرنے کی بات کی جارہی ہے جس سے عوام میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
وہیں حکومت کا کہنا ہے کہ نئی سیکریٹریٹ میں مساجد اور مندر بنوائی جائیں گی۔