حیدرآباد: حالیہ دنوں کے دوران ہوئی بے موسم بارش کے نتیجہ میں تلنگانہ کے اضلاع میں فصلوں کو نقصان پہنچا۔ متحدہ نظام آباد ضلع میں کٹائی کے لئے تیار فصلوں کو بارش کے سبب نقصان پہنچا۔ ضلع کے بیرکورو، دھرپلی، اندل وائی، ڈچپلی، بھیمگل، ورنی، سری کونڈہ، نظام آباد رورل اور دیگر منڈلوں میں بارش سے فصلوں کو نقصان پہنچا۔ ضلع میں 6.5 لاکھ ایکڑ اراضی پر چاول کی کاشت کی جاتی ہے۔ بے وقت بارش ایسے وقت میں کسانوں کو شدید نقصان پہنچا۔ شدید طوفانی ہواؤں کی وجہ سے سورج مکھی، جوار کے بیج زمین پر گر رہے ہیں۔
ورنگل ضلع میں گرج چمک کے ساتھ بارش سے کئی مقامات پر درخت اور بجلی کے کھمبے گرگئے اور عام زندگی مفلوج ہوگئی۔ ورنگل ضلع کے بعض منڈلوں میں ژالہ باری کی وجہ سے فصلوں کو شدید نقصان پہنچا۔ آم، مکئی اور چاول کے کسانوں کو کافی نقصان ہوا ہے۔ باغبانی کی فصلوں کو شدید نقصان کی اطلاع ملی ہے۔ ورنگل ضلع کے نیکونڈا، پروت گری اور چناراپیٹ منڈلوں کے کسان بارش کی وجہ سے فصلوں کے بھاری نقصان پر پریشان ہیں جنہوں نے حکومت پر زوردیا کہ ان کی فصلوں کا معاوضہ فراہم کیاجائے۔ بارش کی وجہ سے ضلع ورنگل کے مضافاتی علاقہ مامونور میں 10 مکانات منہدم ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیں: Heavy Rain Lashes Parts of Hyderabad تلنگان کے مختلف علاقوں میں شدید بارش
کریم نگر ضلع میں کل رات موسلادھار بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کی وجہ سے عوام کو شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ کریم نگر کے جمی کنٹہ اور حضور آباد میں شدید بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ منڈل مراکز کے کئی مواضعات میں کسانوں کی فصلیں تباہ ہو گئیں۔ متعلقہ منڈلوں کے زرعی عہدیداروں کے ابتدائی تخمینہ کے مطابق کل ہوئی بارش سے ضلع میں سینکڑوں ایکڑ اراضی کو نقصان پہنچا۔ ویناونکامنڈل میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارش کی وجہ سے کسانوں میں مایوسی دیکھی گئی۔ضلع کے راماڈوگو، شنکرپٹنم، ماناکنڈور، حضورآباد اور جمی کنٹہ منڈلوں میں بارش کی وجہ سے مکئی، جوار، آم اور دھان کے کھیتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
یو این آئی