ریاست تلنگانہ میں کورونا وائرس کی صورتحال پر آج ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔
ہائی کورٹ بنچ نے کہا کہ آر ٹی پی سی آر معائنے دس فیصد بھی نہیں کئے گئے۔ اس موقع پر ایڈوکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ آر ٹی پی سی آر معائنوں کی تعداد میں اضافہ کیا جا رہا ہے جس پر عدالت نے ریمارک کیا کہ کورونا کی دوسری لہر تیزی سے پھیل رہی ہے اور یہ آسانی کے ساتھ کم نہیں ہوگی۔
عدالت نے کہا کہ آر ٹی پی سی آر معائنوں کی تعداد میں اضافہ کیا جانا چاہئے۔ عدالت نے شادیوں اور آخری رسومات کے موقع پر عوام کے ہجوم کو جمع ہونے سے روکنے کے اقدامات کرنے کی بھی ہدایت دی۔کورونا سے مثبت پائے جانے والے اور اموات کی شرح کی تفصیلات کے ساتھ ساتھ،بس اسٹینڈس،ریلوے اسٹیشنس، پُرہجوم مقامات میں کئے جانے والے معائنوں کی تفصیلات بھی پیش کرنے کی ہدایت دی۔
ریاست میں کورونا کے علاج کے مراکز کے سلسلہ میں بڑے پیمانہ پر تشہیر کرنے کی ضرورت پر بھی عدالت نے زور دیا۔ساتھ ہی یتیم خانوں،بیت المعمرین پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کی بھی ہدایت دی۔عدالت نے ریاستی حکومت کو ہدایت دی کہ وہ اندرون 48گھنٹے رپورٹ عدالت میں پیش کرے جس میں کورونا کے قواعد کے نفاذ کے لئے اٹھائے گئے اقدامات،ان قواعد پر عمل نہ کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی اور جرمانوں کی تفصیلات سے واقف کروایاجائے۔