حیدرآباد سٹی پولیس کمشنر انجنی کمار نے پولیس عملے کو عوام کے ساتھ سختی نہ کرنے کی ہدایت دی تھی، اس کے باوجود پولیس کی جانب سے ظلم کے واقعات بدستور جاری ہیں۔
شہر کے دو مختلف علاقوں میں پولیس کے تشدد کے واقعات پیش آئے، جس میں پولیس کے عملے نے دو نوجوانوں کو روزے کی حالت میں شدید زخمی کردیا۔
ایک واقعہ گولکنڈہ اور دوسرا میر چوک پولیس اسٹیشن کے حدود میں پیش آیا۔ زخمی نوجوانوں کی ویڈیوز وائرل ہوئیں اور ٹویٹر پر عوام نے پولیس کی اس پر تشدد کاروائیوں پر اپنے غم و غصے کا اظہار کیا۔
عوام کے رد عمل کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کمشنر انجنی کمار نے ایک گھنٹے کے اندر ایک کانسٹیبل سدھاکر اور گولکنڈہ اسٹیشن کے ہوم گارڈ ہنمنت کو فی الفور معطل کردیا، جبکہ گولکنڈہ کے اسٹیشن ہاؤز آفیسر کو اپنے ماتحتوں کو مناسب ہدایات نہ دینے پر میمو جاری کیا۔
ملازمین کی معطلی کے بعد عوام نے ٹویٹر پر پولیس کمشنر کے بر وقت اقدام کی ستائش کی۔