حیدرآباد: تشکیل تلنگانہ کے دس سال کو دغابازی کے دس سال سے تعبیر کرتے ہوئے کانگریس کی جانب سے ریاست کے 119 حلقوں میں ریلیاں نکالی گئیں۔ کانگریس نے کے جی تا پی جی مفت تعلیم، طلبہ کی حکومت کی جانب سے فیس باز ادائیگی،بے روزگاری الاونس، ہر گھر کو ایک ملازمت، ڈبل بیڈ روم مکانات، دلتوں کے لیے تین ایکڑ اراضی، کسانوں کے قرض معافی جیسے مسائل پر حکومت کی ناکامیوں کو یاد دلانے کے لیے احتجاج کیا۔
اقلیتوں کے لیے 12 فیصد ریزرویشن، STs ایس ٹیز کیلئے 12 فیصد ریزرویشن کی فراہمی کے وعدہ پر عمل کرنے میں بھی ناکامی کا پارٹی نے الزام لگایا۔ پولیس نے ریاست بھر میں کانگریس کے کئی لیڈروں کو حراست میں لے لیا۔ حیدرآباد میں پارٹی کے ہیڈکوارٹرس گاندھی بھون کے قریب کشیدگی دیکھی گئی کیونکہ کانگریس کے لیڈروں اور کارکنوں نے ریلی نکالنے کی کوشش کی تاہم پولیس نے اس ریلی کو ناکام بنادیا اور کانگریس کے کئی لیڈروں اور کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔
مزید پڑھیں: تلنگانہ کانگریس رہنما محمد علی شبیر کی ریاستی حکومت پر نکتہ چینی
کانگریس کارکنوں نے وزیراعلی کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔ شہر کے ایل بی نگر میں بھی احتجاجی پروگرام منعقد کیا گیا۔ اُپل چوراہا پر کانگریس کی جانب سے دھرنا دیا گیا اور وزیر اعلی کا پتلا نذر آتش کیا گیا۔ پولیس نے کانگریس کے کارکنوں کو روکنے کی کوشش کی۔ اس موقع پر پولیس اور کانگریس کے احتجاجی کارکنوں کے درمیان بحث وتکرا ر ہوئی۔
واضح رہے کہ ریاست تلنگانہ میں اس سال کے اواخر یا 2024 کے اوائل میں اسمبلی انتخابات منعقد ہونے والے ہیں جس کے پیش نظر حکمراں پارٹی سمیت تمام سیاسی پارٹیوں کی سرگرمیاں ابھی سے شروع ہوگئیں ہیں۔
یواین آئی