ریاست تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد میں اکبرالدین اویسی نے بلدیاتی انتخاب کی انتخابی مہم کے ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 'سکندرآباد کے ایک رکن اسمبلی (طلسانی سرینواس) کہتے ہیں کہ مجلس پارٹی پرانے شہر سے تعلق رکھتی ہے۔ آپ (وزیر) کو اپنی زبان پر قابو رکھنا چاہئے اور اپنی حیثیت سے زیادہ بات نہیں کرنا چاہئے۔'
اکبرالدین اویسی نے وزیراعلیٰ کے چندرشیکر راؤ (کے سی آر) اور ان کے بیٹے کے ٹی راما راؤ سے پارٹی کے رہنماؤں پر لگام ڈالنے کی درخواست کی۔
انہوں نے کہا کہ 'آپ اپنی زبان پر قابو رکھیں ورنہ میں بولنا شروع کردوں گا۔ کے سی آر اور کے ٹی آر کو اپنے رہنماؤں کو سمجھانا چاہئے، جو ایک پارٹی میں رہتے ہیں اور بعض اوقات دوسری پارٹی میں شامل ہوجاتے ہیں۔'
انہوں نے مزید کہا کہ 'اگر میں چاہوں تو بھارت کے کسی بھی حلقے سے انتخابات جیت سکتا ہوں۔'
دراصل ہفتے کے روز ایک جلسہ میں وزیر طلسانی سرینواس نے اے آئی ایم آئی ایم کو حیدرآباد کے پرانے شہر تک محدود سیاسی جماعت قرار دیا تھا۔