مولانا آزاد نیشنل اْردو یونیورسٹی اور نلسار یونیورسٹی آف لا کے درمیان آج ایک یادداشت مفاہمت پر دستخط کیے گئے۔ جس کے تحت مانو کے انسٹرکشنل میڈیا سنٹر میں نلسار یونیورسٹی کی جانب سے ویڈیو اسباق تیار کیے جارہے ہیں جو وزارت فروغ انسانی وسائل کے SWAYAM پلیٹ فارم پر ملک بھر کے اساتذہ قانون کیلئے MOOC ریفرشر کورس کا حصہ ہیں۔ اس کے علاوہ اس بات کی کوشش کی جائے گی کہ تمام اسباق کو اردو سب ٹائٹلس کے ساتھ آئی ایم سی کے یوٹیوب پر بھی جاری کیا جائے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر، مانو ڈاکٹر محمد اسلم پرویز نے کہا کہ موجودہ حالات میں قانون کے تئیں لوگوں میں شعور بیداری کی بہت زیادہ ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمومی طور پر اردو عوام میں معلومات اور اہم امور پر بیداری کی کمی ہے۔ اس کی وجہ مختلف علوم کے مواد تک ان کی عدم رسائی ہے۔ اسی لیے اردو میں انہوں نے سائنس میگزین کا آغاز کیا تاکہ عوام میں سائنٹفک سوچ کو ابھارا جائے۔
انہوں نے نلسار یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر فیضان مصطفی سے درخواست کی کہ مقامی زبان تلگو اور اردو میں اہم قانونی اصطلاحات جیسے ایف آئی آر، ریمانڈ وغیرہ پر پمفلیٹ تیار کروائیں۔ اْردو تراجم کے لیے مانو سے تعاون لیا جاسکتا ہے اور موجودہ حالات میں یہ قوم کی ایک بڑی خدمت ہوگی۔ انہوں نے آئی ایم سی ٹیم کی مختصر وقفے میں 80 اسباق کی تیاری پر ستائش کی اور کہا کہ جناب رضوان احمد، ڈائرکٹر کی حرکیاتی قیادت نے آئی ایم سی ٹیم میں ایک نیا جذبہ پیدا کیا ہے۔
پروفیسر فیضان مصطفی، وائس چانسلر نلسار نے اس موقع پرکہا کہ عمومی قوانین کا جاننا ہر شہری کے لیے ضروری ہے۔ اس کے لیے نلسار ان پر اردو اور تلگو میں ویڈیو تیار کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے اعتراف کیاکہ یہ اندرون ملک نلسار کا پہلا ملٹی فیکلٹی ایم او یو ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہندوستان میں تمام لا یونیورسٹیوں میں نلسار کو پہلا مقام حاصل ہے۔ یونیورسٹی سے ہر سال طلبہ کو دیگر ممالک بھیجا جاتا ہے اس کے علاوہ دیگر ممالک کے تقریباً 15 طلبہ ہر سال یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کرتے ہیں۔
پروفیسر ایس ایم رحمت اللہ، رجسٹرار انچارج، مانو نے کہا کہ الکٹرانک مواد (E-content) کے لیے دونوں یونیورسٹیوں کے درمیان یہ یادداشت یادگار ہے، جس میں قانون اور دیگر امور پر اسباق تیار کیے گئے ہیں۔ اس کے لیے دونوں وائس چانسلروں کی کاوشیں یقینا قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے انسٹرکشنل میڈیا سنٹر کے اراکین کی پر زور ستائش کی۔
پروفیسر وی بالا کسٹا ریڈی، رجسٹرار نلسار یونیورسٹی نے کہا کہ یہ ایک بہترین پہل ہے۔ اس کے لیے سبھی لوگ مبارکباد کے مستحق ہیں۔
ابتدا میں جناب رضوان احمد، ڈائرکٹر آئی ایم سی نے خیر مقدم کیا اور اپنی ٹیم کا تعارف کرایا جس نے مسلسل کام کرتے ہوئے صرف 45 دنوں میں قومی اور بین الاقوامی ماہرین کے 80 ویڈیو اسباق تیار کرلیے۔
جناب امتیاز عالم، ریسرچ آفیسر آئی ایم سی نے کارروائی چلائی اور شکریہ ادا کیا۔ یادداشت کی ڈرافٹنگ کمیٹی کے صدر پروفیسر سید محمد حسیب الدین قادری، ڈائرکٹر داخلی معیار ضمانت سیل کے علاوہ پروفیسر سنیم فاطمہ،جوائنٹ ڈین اکیڈمک،ارکان کمیٹی پروفیسر نسیم الدین فریس،پروفیسر نوشاد حسین، پروفیسر عبدالواحد،میڈیا سینٹر ارکان، جناب محمد مجاہد علی، جناب شکیل احمد، جناب عامر بدر، جناب محمد غوث، جناب غلام احمد، جناب عبید اللہ ریحان، جناب محمد غیاث،ڈاکٹر حشمت اور دیگر موجود تھے۔