کورونا وائرس پر قابو پانے کیلئے لاک ڈاؤن کے نفاذ کے بعد ان کی صحت کو خطرہ لاحق ہے۔ ایسے بے گھر افراد کیلئے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے مختلف مقامات پر عارضی شیلٹرس قائم کئے، جہاں پر حفظان صحت کے اصولوں کی کوئی پابندی نہیں کی جا رہی، نہ ہی ان کے چہروں پر ماسک ہیں اور نہ ہی ان کے درمیان سماجی فاصلے کا کوئی مطلب۔
بیگم پیٹ علاقے میں ایک آبادی کے قریب واقع شیلٹر کا ای ٹی وی بھارت نے جائزہ لیا، جو آبادی کے قریب موجود ہے اور مقامی افراد کو اس شیلٹر کے قیام پر شدید اعتراض ہے۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ آبادی کے بیچوں بیچ ان کو بسانا مقامی عوام کی جان کو خطرے میں ڈالنے کے برابر ہے۔
مقامی لوگوں کے مطابق جب سے یہ بے گھر افراد یہاں منتقل ہوئے ان کی طبی جانچ نہیں کی گئی اور نہ ہی اس شیلٹر کو سینیٹائز کیا گیا۔
خود شیلٹرس میں مقیم افراد نے بھی اس کی توثیق کی کہ اب تک ان کا کورونا ٹیسٹ نہیں ہو پایا۔ شیلٹر کے ذمہ دار رامانجی نے ذمہ داریوں کا بہانہ بناتے ہوئے اس ضمن میں جواب دینے سے انکار کردیا۔