حیدرآباد: دو لڑکیوں سے شادی کرتے ہوئے ایک شادی کو راز میں رکھنے پر دوسری بیوی کی شکایت پر پولیس نے شوہر اور پہلی بیوی کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کرلیا۔ یہ عجیب و غریب واقعہ حیدرآباد کے بنجارہ ہلز پولیس اسٹیشن کے حدود میں پیش آیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق آندھرا پردیش کے سریکاکولم ضلع سے تعلق رکھنے والا 23سالہ گاندھی بنجارہ ہلز روڈ نمبر 10 کے سنگاڈا کنٹہ میں رہتا ہے۔ وہ یوٹیوب چینل پر ڈانس ویڈیوز میں اداکاری کرتا ہے۔ 2020 میں، یوسف گوڑہ میں ایک ڈانس اکیڈمی میں کلاسیکی رقص سیکھنے کے دوران، اس کی ملاقات ایک 20 سالہ لڑکی سے ہوئی جو وہاں تربیت کے لیے آئی تھی۔
ان دونوں میں محبت ہوگئی۔ دونوں نے اپنے بزرگوں کو راضی کرکے شادی کرنے کا فیصلہ کیا لیکن ان کے گھر والوں کو ان کی شادی منظور نہیں تھی۔ اس معاملہ پر دونوں میں جھگڑا ہوا۔ اس کے بعد گاندھی نے لڑکی سے شادی کرنے سے انکار کردیا جس پر لڑکی نے جوبلی ہلز پولیس میں شکایت درج کرائی اور اسے دھوکہ دینے والے گاندھی کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔ لڑکی نے شکایت میں کہا کہ اس کے کسی دوسری لڑکی سے تعلقات ہیں اسی وجہ سے وہ اس سے شادی نہیں کر رہا ہے تاہم گاندھی نے واضح کیا کہ اس کا کسی اور لڑکی کے ساتھ کوئی رشتہ نہیں ہے۔ وہ صرف اس کی دوست ہے۔
گاندھی نے لڑکی سے مقدمہ واپس لینے پر شادی کا وعدہ کیا جس پر لڑکی نے مقدمہ واپس لے لیا اور گاندھی نے دوسری لڑکی کی موجودگی میں پہلی لڑکی سے شادی کر لی۔ شادی کے بعد کچھ سال تک سب کچھ ٹھیک چل رہا تھا لیکن گاندھی نے اپنی بیوی کو ہراساں کرنا شروع کردیا۔ وہ اکثر متاثرہ سے مار پیٹ کیا کرتا تھا، دیر سے گھر آتا تھا اور کبھی کبھی رات کو نہیں آتا تھا اور وہ شوٹنگ میں مصروف رہنے کا بہانہ بناتا تھا۔ اسی دوران متاثرہ لڑکی کو پتہ چلا کہ گاندھی نے اس سے شادی کرنے سے دو ہفتے قبل دوسری لڑکی سے شادی کی تھی اور کیس سے بچنے کے لیے گاندھی اور اس لڑکی نے شادی کا یہ ڈرامہ رچایا اور دھوکہ دیا۔
مزید پڑھیں: گیا میں دوسری شادی کرنے پر دولہے کے ساتھ مار پیٹ کا ویڈیو وائرل
متاثرہ نے یہ بھی معلوم کیا کہ وہ دونوں بنجارہ ہلز روڈ نمبر 12 میں ایک ساتھ ایک کرائے کے کمرہ میں مقیم ہیں۔ متاثرہ خاتون منگل کی رات وہاں گئی اور گاندھی سے اس کا جھگڑا ہوا جس پر گاندھی نے واضح کیا کہ وہ دوسری لڑکی کے ساتھ رہنا پسند کرتا ہے اور اس کے ساتھ رہنا پسند نہیں کرتا جس پر متاثرہ نے پولیس میں شکایت درج کرائی۔ اس شکایت پر بنجارہ ہلز پولیس نے ملزم گاندھی اور دوسری لڑکی کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا اور ملزمین کو گرفتار کر کے ریمانڈ پر بھیج دیا گیا۔
یو این آئی