ریاست تلنگانہ کے نظام آباد ضلع میں جعلی دستاویزات کے ذریعے پاسپورٹ حاصل کرنے میں ایک ریکیٹ کا پردہ فاش کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں چھ افراد کو گرفتار کیا گیا، پولیس نے اتوار کو یہ بات بتائی۔
پولیس کے ایک سینیئر عہدیدار نے بتایا کہ پولیس اس بات کی بھی تحقیقات کر رہی ہے کہ کیا کوئی بنگلہ دیشی شہری اس ریکیٹ کا حصہ تھا۔ عہدیدار نے بتایا کہ خفیہ معلومات کی بنیاد پر پولیس نے اس ریکیٹ کا پردہ فاش کیا۔ اس معاملہ میں تفتیش کے دوران اب تک یہ انکشاف ہوا ہے کہ چھ افراد نے جعلی دستاویزات جمع کروا کر پاسپورٹ حاصل کرنے میں کچھ افراد کو سہولت فراہم کی۔
عہدیدار نے میڈیا کو بتایا کہ "تفصیلی تحقیقات جاری ہیں، ہم اس پر کام کررہے ہیں کہ پاسپورٹ کس کس نے حاصل کیے ہیں۔ ہم یہ پتہ بھی چلانے کی کوشش کررہے ہیں کہ کیا بنگلہ دیشی شہری بھی اس ریکیٹ کا حصہ تھے۔"
واضح رہے کہ بی جے پی رہنما اور نظام آباد سے پارٹی کے رکن پارلمان دھرماپوری اروند نے پہلے ہی کہا تھا کہ نظام آباد ضلع کے بودھن قصبے میں جعلی دستاویزات جمع کروا کر پاسپورٹ حاصل کیے جاتے ہیں۔