وزیراعلی تلنگانہ چندرشیکھرراو نے کہا کہ ریاست کے عوام اور کسان مرکز کے ساتھ لڑنے تیار ہیں۔ ریاست سے مکمل دھان کی خریداری کے مسئلہ پر قومی دارالحکومت نئی دہلی کے تلنگانہ بھون میں ٹی آر ایس پارٹی کی جانب سے منعقدہ ایک روزہ دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی نے دھان کی خریدی کے مسئلہ پر مرکز کو 24 گھنٹے کا الٹی میٹم دیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مرکز دھان کی خریدی پر 24 گھنٹے کے اندر فیصلہ کرے بصورت دیگر کسانوں کے ساتھ مل کر ایک حکمت عملی تیار کی جائے گی۔ KCR Ultimatum to Modi Government
انہوں نے کہا کہ ملک میں کسان بھکاری نہیں ہیں۔چندرشیکھرراو نے دھان کی خریدی کے لئے قومی سطح پر ایک پالیسی بنانے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے زوردیتے ہوئے کہا کہ اگر مرکز تمام ریاستوں کے لئے ایک پالیسی نہیں بناتی ہے تو کسان سڑکوں پر آئیں گے۔وزیراعلی نے کہا ”میں مودی اور پیوش گوئل سے دونوں ہاتھ جوڑ کر اپیل کر رہا ہوں کہ تلنگانہ کے کسان کے پیدا کردہ دھان کو خریدیں۔ تلنگانہ سے تقریباً 2 ہزار کلومیٹر دہلی میں ہم بھوک ہڑتال اور دھرنا دے رہے ہیں اتنی دور آکر دھرنا دینے کے لئے کون ذمہ دار ہیں“۔
انھوں نے وزیراعظم نریندر مودی کو مشورہ دیا کہ وہ ہر کسی کو پریشان کریں لیکن کسانوں کو پریشان نہ کریں۔ حکومت میں کوئی بھی ہمیشہ نہیں رہے گا۔ ہم دھان خریدنے کے لیے دہلی میں دھرنا دے رہے ہیں۔ انہوں نے اس دھرنے کی حمایت کرنے یہاں پہنچنے راکیش ٹکیت کا خصوصی طورپر شکریہ ادا۔
انہوں نے یاد دہانی کی کہ تحریکوں کی جدوجہد کے نتیجے میں 2014 میں تلنگانہ آیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے کسانوں کے لیے کئی اقدامات کئے ہیں۔ ہم کسانوں کو 24 گھنٹے مفت بجلی فراہم کرتے ہیں۔ تالابوں کی صاف صفائی کے لئے مشن کاکتیہ پروگرام شروع کیا گیا جس سے تلنگانہ کے تالاب پانی سے لبریز ہوگئے۔ ہم نے آبپاشی پروجیکٹس مکمل کر لیے ہیں جس سے ہم کاشت کے لیے پانی سپلائی کر رہے ہیں۔ تلنگانہ میں ایک کروڑ ایکڑ اراضی کو زیر کاشت لایا گیا ہے۔