ملک بھر سمیت ریاست تمل ناڈو میں بھی شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج جاری ہے۔ تمل ناڈو کے جنوبی چنئی کے بسنت نگر محل کے پاس کچھ خواتین نے سی اے اے کے خلاف ’کولمز‘ (رنگولی) ڈرائنگ کرکے احتجاج کیا جس پر پولیس نے انھیں گرفتار کر لیا۔
تمل ناڈو کے ایک سینیئر پولیس عہدیدار نے بتایا کہ انہیں بغیر اجازت احتجاج اور دوسروں کو تکلیف پہنچانے پر گرفتار کیا گیا ہے۔
شہری ترمیمی ایکٹ کے خلاف سیاسی جماعتوں اور سماجی کارکنان کی جانب سے گذشتہ کئی دنوں سے پورے ملک سمیت تمل ناڈو کے متعدد حصوں میں احتجاج جاری ہے۔ خواتین سمیت متعدد افراد نے جنوبی چنئی کے بسنت نگر محل میں احتجاج کیا۔
خواتین نے سی اے اے اور نیشنل رجسٹر آف سٹیزن اور نیشنل پاپولیشن رجسٹر کی مخالفت کے اظہار کے لیے ‘رنگولی’ کا استعمال کیا۔ پولیس کے تحویل میں لینے سے قبل خواتین نے ' نو ٹو این آر سی' اور 'نو ٹو این پی آر' کے نعرے لگائے۔
پولیس اہلکار نے مزید کہا کہ 'ہم نے انہیں متنبہ کیا اور بعد میں انہیں چھوڑ دیا گیا'۔ حراست میں لیے گئے خواتین نے الزام لگایا کہ پولیس نے زبردستی ان کے فون چھین لیے۔