چنئی: تمل ناڈو بی جے پی کے ریاستی سکریٹری ایس جی سوریا کو سائبر کرائم پولیس نے جمعہ کی رات چنئی میں گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ایس جی سوریا نے حال ہی میں مدورائی کے ایم پی سو وینکٹیشن کے خلاف ٹویٹ کیا تھا، جس کے بعد ان کے خلاف یہ کارروائی کی گئی۔ ایس جی سوریا کی گرفتاری کے بعد بی جے پی نے اسے قابل مذمت قرار دیا اور بی جے پی صدر کے انامالائی نے بھی ٹویٹ کیا۔ بی جے پی کے ریاستی صدر کے انامالائی نے ٹویٹ کیا، ''بی جے پی کے ریاستی سکریٹری ایس جی سوریا کی گرفتاری انتہائی قابل مذمت ہے۔ ان کا قصور صرف یہ تھا کہ انہوں نے کمیونسٹوں اور ڈی ایم کے اتحادیوں کے نفرت انگیز اور دوہرے معیار کو بے نقاب کر دیا تھا۔ یہ گرفتاریاں ہمیں نہیں روک پائیں گی اور ہم ہمیشہ سچ کو سامنے لائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: Prophet Remark Row: پیغمبر اسلام کے بارے میں قابل اعتراض ٹویٹ کرنے پر بی جے پی یوتھ ونگ کا رہنما گرفتار
چیف منسٹر ایم کے اسٹالن کو ٹیگ کرتے ہوئے انامالائی نے مزید لکھا کہ 'حکومت کو یاد رکھنا چاہیے کہ خود کو اظہار رائے کی آزادی کے محافظ کے طور پر پیش کرکے تمام اختلافی آوازوں کو دبانے کی کوشش زیادہ دیر نہیں چلے گی۔ اے این آئی کے مطابق، پولیس حکام نے بتایا کہ جمعہ کی رات تمل ناڈو کے بی جے پی کے ریاستی سکریٹری کو مدورائی سائبر کرائم پولیس نے مدورائی ایم پی سو وینکٹیشن پر ان کے حالیہ ٹویٹ کے سلسلے میں گرفتار کیا۔ پولیس نے پورے معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے۔ واضح رہے کہ مدورائی میں سیوریج کے پانی میں کام کرتے ہوئے پیناڈم پریشد کے ایک صفائی کارکن کی کام پر ہی موت ہو گئی۔ اس واقعہ کا حوالہ دیتے ہوئے سوریا نے ایم پی سو وینکٹیشن کو نشانہ بنایا تھا۔