اگر وی کے ششیکلا جرمانہ ادا نہیں کرتی ہیں تو انہيں 27 فروری 2022 تک قید میں رہنا پڑے گا۔ ان پر 10 کروڑ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ آر ٹی آئی ایکٹ کے تحت موصولہ معلومات میں بنگلور سنٹرل جیل سپرنٹنڈنٹ کے انفارمیشن آفیسر آر لتا نے بتایا کہ "جیل ریکارڈ کے مطابق قیدی نمبر 9234 ششیکلا کی رہائی کی تاریخ 27 جنوری 2021 ہے، بشرطیکہ وہ عدالت کی طرف سے عائد کیے گئے جرمانے کی رقم ادا کرديں۔ جرمانے کی عدم ادائیگی کی صورت میں ان کی رہائی کی تاریخ 27 فروری 2022 مقرر کی گئی ہے"۔
آر لتا نے کہا کہ "اگر وہ پیرول کی سہولت استعمال کرتی ہیں تو رہائی کی ممکنہ تاریخ بدل سکتی ہے"۔ ششیکلا 15 فروری 2017 سے بنگلور کی سنٹرل جیل میں بند ہیں۔
ہائی کورٹ کے فیصلے کے برخلاف عدالت عظمیٰ نے انہیں آمدنی سے زیادہ اثاثہ کے معاملے میں قصوروار ٹھہراتے ہوئے، مقامی عدالت کے فیصلے کو برقرار رکھا تھا۔ اس معاملے میں انہيں چار سال قید اور 10 کروڑ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی۔ اس مقدمے میں جے للیتا بھی شامل تھیں۔