دارالحکومت چنئی کے مینا بکم تھانے میں تعینات گرومتھی (54) چنئی پولیس کے چوتھے اہلکار ہیں جن کی کورونا کی وجہ سے موت ہوئی ہے۔ انہیں بیمار ہونے کے بعد پچھلے ماہ اومان دورار سرکاری ملٹی سپر اسپیشلٹی ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ بعد میں داروغہ کورونا سے متاثر پائے گئے اور ان کا علاج کیاجارہا تھا لیکن آج صبح وہ اسپتال میں کورونا سے ہار گئے۔
چنئی کے پولیس کمشنر مہیشن کمار اگروال نے گرومتھی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے متوفی کی تصویر ٹیگ کرتے ہوئے ٹویٹ میں کہا 'ہم نے ایک اور ہیرو ایس آئی گرومتھی کو کھو دیا۔ انہوں نے کورونا کی روک تھام سرگرمیوں میں فرض کے لئے اپنی زندگی قربان کردی۔ ہم ان کی اس سب سے بڑی قربانی کو سلام کرتے ہیں'۔
اس سے پہلے چنئی پولیس کے تین جوانوں کی کورونا سے موت ہوچکی ہے۔ مامبلم تھانہ کے انسپیکٹر ایس بالا مرلی کی 17 جون کو کورونا سے موت ہوگئی تھی۔ وہ چنئی پولیس کے پہلے جوان تھے جن کی کورونا وائرس نے جان لی تھی۔
اس کے بعد ایک جولائی کو پتنمپکم تھانے کے اسپیشل ایس آئی آرمنی مارن (57) کی کورونا وائرس سے موت ہوگئی۔
اس کے پانچ دن بعد مسلح ریزرو پولیس کے کانسٹیبل جی ناگراجن (32) کی موت ہوگئی۔ پوری ریاست میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کی ڈیوٹی کے دوران اب تک 1500 سے زیادہ پولیس اہلکار کورونا سے متاثرہوچکے ہیں۔ ان میں 1300 سے زیادہ صرف چنئی پولیس کے جوان ہیں۔
ریاست میں اب تک 850 سے زیادہ پولیس اہلکار کورونا سے ٹھیک ہوکر پھر سے ڈیوٹی پر تعینات بھی ہوچکے ہیں۔ لیکن اس بار اور زیادہ احتیاط کے ساتھ کورونا سے لڑ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ انفیکشن کے معاملے میں دوسرے مقام پر پہنچے تمل ناڈو میں پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران متاثرین کی تعداد 4328 بڑھ کر آج صبح 142798 پر پہنچ گئی اور اسی مدت میں 57 لوگوں کی موت سے ہلاک شدگان کی تعداد 2023 ہوگئی ہے۔ ریاست میں 92567 لوگوں کو علاج کے بعد ہسپتالوں سے چھٹی دی جاچکی ہے۔