چنئی: دراوڑ منیترا کزگم (ڈی ایم کے) کے سینیئر لیڈر اور تمل ناڈو کے سابق وزیر ایس این ایم اپی دلا کا اتوار کو انتقال ہوگیا۔ وہ چار بار تمل ناڈو قانون ساز اسمبلی کے لیے منتخب ہوئے۔ وزیراعلی اور ڈی ایم کے صدر ایم کے اسٹالن نے سابق وزیر کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ انہیں اپی دلا کی موت کی خبر سن کر بہت دکھ ہوا۔ ڈی ایم کے کی سیاست میں ان کے تعاون کو یاد کرتے ہوئے اسٹالن نے کہا کہ اپی دلا سابق وزرائے اعلیٰ سی این انا دورائی اور ایم کروناندھی کا بہت احترام کرتے تھے۔ انہوں نے 1962 کے اسمبلی انتخابات میں تھنجاور حلقے میں آنجہانی کروناندھی کے لیے مہم چلائی اور خود کو ایک لیڈر کے طور پر قائم کیا۔
اسٹالن نے کہا کہ انہوں نے دیگر سینئر لیڈروں کے ساتھ مل کر سابقہ تھانجاور ضلع میں پارٹی کو آگے لے جانے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ پارٹی کی طاقت کا ستون تھے اور پارٹی کے نظریے پر سختی سے عمل پیرا تھے۔ ان کی موت پارٹی بالخصوص تھانجاور یونٹ کے لیے بہت بڑا نقصان ہے۔ اپی دلا 1987 سے 27 سال تک تھانجاور میں ڈی ایم کے سٹی جنرل سکریٹری رہے اور چار بار تمل ناڈو قانون ساز اسمبلی کے لیے منتخب ہوئے۔ انہوں نے 2006 سے 2011 تک ڈی ایم کے حکومت میں وزیر تجارت کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔
یو این آئی