چنئی: تمل ناڈو کے ضلع ولوپورم میں ماراکنم کے نزدیک ایکیاکوپم گاؤں میں اتوار کے روز زہریلی شراب پینے سے معمر خاتون سمیت پانچ افراد کی موت ہو گئی اور کم از کم 14 کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ پولس کا کہنا ہے کہ شراب نکلی ہونے کا شبہ ہے۔ اس سلسلے میں چار پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا۔ رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ 15 سے زیادہ لوگوں نے زہریلی شراب پی رکھی تھی، جن میں زیادہ تر ایکیارکوپم کے ساحلی گاؤں کے ماہی گیر تھے۔ یہ لوگ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب شراب پیتے تھے۔ زہریلی شراب پینے والے لوگوں کو الٹی ہوئی اور بے ہوش ہونے لگے۔ بعد میں انہیں منڈیمبکم کے ولوپورم گورنمنٹ میڈیکل کالج اسپتال، جواہر لال انسٹی ٹیوٹ آف پوسٹ گریجویٹ میڈیکل ایجوکیشن اینڈ ریسرچ (جے آئی پی ایم ای آر) اور پڈوچیری کے پانڈیچیری انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (PIMS) لے جایا گیا، جہاں تین لوگوں کو مردہ قرار دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: Liquor Sales in Tamil Nadu تمل ناڈو میں شراب کی فروخت 44 ہزار کروڑ روپے سے متجاوز
بعد ازاں دن میں اسپتال میں علاج کے دوران ایک شخص کی موت ہوگئی۔ شام میں ایک معمر خاتون نے ولوپورم کے سرکاری اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا۔ جس سے مرنے والوں کی تعداد پانچ ہو گئی۔ واضح رہے کہ اپریل 2023 میں بہار کے موتیہاری میں زہریلی شراب پینے سے تقریبا 22 افراد کی موت ہو گئی تھی۔ اس معاملے میں قصوروار پائے جانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی گئی۔ اس اسکینڈل میں 70 شراب تاجروں کو گرفتار کیا گیا تھا۔ جبکہ 2 افسران اور 9 چوکیداروں کو معطل کر دیا گیا تھا۔
یو این آئی