چنئی: چنئی کے ایک وکیل نے انڈین پریمیئر لیگ کی ٹیم چنئی سپر کنگز، بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) اور تمل ناڈو کرکٹ ایسوسی ایشن (ٹی این سی اے) کے خلاف آئی پی ایل کے ٹکٹوں کی فروخت میں بے ضابطگیوں کا معاملہ درج کرایا ہے۔ سپر کنگز کے گھریلو میچوں کے ٹکٹوں کی بلیک مارکیٹنگ سے متعلق تنازعہ کے بعد یہ معاملہ چنئی سٹی کی سول کورٹ کے سامنے رکھا گیا۔ ایڈوکیٹ اشوک چکرورتی نے فیس بک پر لکھا، "میں نے چنئی کے ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں جاری آئی پی ایل ٹورنامنٹ کے ٹکٹوں کی فروخت میں بے ضابطگیوں کی وجہ سے بڑھنے والی بلیک مارکیٹنگ اور مشتبہ آن لائن ٹکٹوں کی فروخت کے لیے چنئی سپر کنگز، بی سی سی آئی اور ٹی این سی اے کے خلاف معاملہ درج کرایا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: IPL Tickets Black Marketing آئی پی ایل ٹکٹوں کی بلیک مارکیٹنگ کے الزام میں نو افراد گرفتار
خیال ر ہے کہ سپر کنگز اور اس کی انتظامیہ کو چنئی کے ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں ہونے والے میچوں کے ٹکٹوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ تقریباً 1,500 سے 2,000 روپے کی قیمت والے لوئر اسٹینڈ ٹکٹ مبینہ طور پر 8,000 روپے میں فروخت ہوئے ہیں۔ یہ غالباً سپر کنگز کے کپتان مہندر سنگھ دھونی کا آخری آئی پی ایل سیزن ہے اس لیے ٹکٹوں کی قیمتوں میں اس قدر اضافہ ہوا ہے۔ اس معاملے کے دوران ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں ہونے والے آئی پی ایل پلے آف میچوں کے ٹکٹوں کی فروخت پر عارضی پابندی پر بھی بات کی جائے گی۔چکرورتی نے کہا کہ ہم نے اگلے ہفتے چنئی میں ہونے والے پلے آف اور کوالیفائر کے ٹکٹوں کی فروخت پر عبوری روک لگانے کے لیے عدالت میں درخواست بھی دائر کی ہے۔ چنئی کا یہ گراؤنڈ پلے آف مرحلے کے پہلے کوالیفائر اور ایلیمینیٹر کی میزبانی کرے گا۔ ان میچوں کے ٹکٹ جمعرات سے آئی پی ایل کی سرکاری ویب سائٹ پر خصوصی طور پر دستیاب ہوں گے۔
یو این آئی