کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (کے سی سی آئی) کے نائب صدر ڈاکٹر عبدالمجید میر دارالحکومت دہلی میں سڑک حادثے کے دوران ہلاک ہو گئے۔
اطلاعات کے مطابق ڈاکٹر میر کو گزشتہ شب دہلی میں ایک ٹو ویلر (Two-Wheeler) نے ٹکر ماری جس کے نتیجے می وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔
ڈاکٹر میر اپنے اہل خانہ کے ہمراہ دہلی میں تھے۔ حادثے کے بعد انکی لاش کو طبی و قانونی لوازمات کے لیے ایمز منتقل کیا گیا۔
موسمی حالات بہتر رہنے اور پروازوں کی اڑان بھرنے کی صورت میں انکی جسد خاکی کو آخری رسومات کے لیے کشمیر پہنچایا جائے گا، تاہم گزشتہ چار دنوں سے لگاتار برفباری کے سبب وادی کشمیر کا زمینی رابطہ بیرون دنیا سے کٹ کر رہ گیا ہے، وہیں سرینگر ائرپورٹ پر بھی پروازوں کو معطل کر دیا گیا ہے۔
ڈاکٹر میر کی حادثاتی موت سے کشمیر کی تاجر برادری کو شدید دھچکہ پہنچا ہے۔
کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈسٹریز کے صدر شیخ عاشق نے ٹیوٹ کرتے ہوئے ڈاکٹر میر کی حادثاتی موت کی اطلاع دی۔
تاجر برادری نے ڈاکٹر میر کی اچانک اور حادثاتی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔