سرینگر: خلیفہ اول حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے یوم وصال کی نسبت سے وادی کشمیر کے مختلف علاقہ جات کی کئی مساجد خاص کر خانقاہوں، بقعہ جات میں محافل آراستہ ہوئیں۔ روایتی طور سرینگر کے آثار شریف درگاہ حضرتبل میں سب سے بڑی تقریب منعقد ہوئی جس میں سینکڑوں عاشقال رسول صلی اللہ علیہ وسلم اور محبین یار غار ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ نے شرکت کی۔
درگاہ حضرت بل میں رات بھر وعظ و تبلیغ، درود و اذکار کی محافل آراستہ ہوئیں جبکہ نماز پنجگانہ پر موئے مقدس (صلی اللہ علیہ وسلم) کی زیارت سے حاضرین سرفراز ہوئے۔ حضرت بل سمیت مختلف بقعہ جات پر خلیفہ اول حضرت ابو بکر صدیق کی مبارک زندگی کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالی گئی۔ مبلغین اور مقررین نے حضرت ابو بکر صدیق کی شان بیان کرتے ہوئے انہیں عوام الناس خاص کر امراء کو (بلا تفریق رنگ و نسل) ان کی سیرت کے گوشوں کا گہرائی سے مطالعہ کرنے اور ان پر عمل پیرا ہونے کی تلقین کی۔
مزید پڑھیں: Anniversary of 1st Caliph of Islam :خلیفہ اول کی تعلیمات عالم انسانیت کے لئے مشعل راہ
واضح رہے کہ خلیفہ اول حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ رشتہ میں نہ صرف پیغمبر آخر الزماں صلی اللہ علیہ وسلم کے خسر تھے بلکہ اسلام قبول کرنے والے سابقین اولین میں سے تھے۔ ان کی صاحبزادی حضرت عائشہ رضی اللہ عنہ سرور کونینﷺ کے عقد میں تھی جبکہ آنحضرت ﷺ کے انتقال پر ملال کے وقت امت کے متفقہ فیصلہ سے وہ خلیفۃ المسلمین مقرر ہوئے۔