جموں و کشمیر کے سرینگر میں ایک تقریب میں کہانیوں پر مشتمل ایک کتاب کا رسم اجراء عمل میں آیا۔ یہ کشمیری زبان میں تحریر کی گئی ہے۔
سرینگر کے ٹی آر سی میں منعقدہ تقریب رسم اجراء میں مصنفین اور ادیبوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کشمیری پنڈت گوری شنکر رینہ نے ’یو ٹرن‘ کے نام سے یہ کتاب تصنیف کی ہے۔
گوری شنکر کچھ دہائیوں سے دہلی میں مقیم ہیں۔ تاہم انہوں نے اپنی زندگی کا بڑا حصہ کشمیر میں ہی گذارا ہے۔ مصنف گوری شنکر رینہ نے کہا کہ ’اگرچہ کہ وہ فی الحال دہلی میں رہائش پذیر ہیں لیکن انہوں نے اپنی مادری زبان سے رشتہ نہیں توڑا ہے۔
انہوں کشمیر کے مشہور و معروف شعرا و مصنفین کی کتابوں کا دیگر زبانوں میں ترجمہ کیا ہے جسے کافی شہرت حاصل ہوئی ہے۔ گوری شنکر رینہ کی کتاب ’یو ٹرن’ 8 فکشن کہانیوں کا مجموعہ ہے جن میں انہوں زندگی کے مختلف تجربات و مشاہدوں کا ذکر کیا ہے۔