سری نگر: وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنی والی سری نگر- جموں قومی شاہراہ ہفتے کی صبح ایک دن بعد ٹریفک نقل و حمل کے لئے کھول دی گئی۔ ٹریفک حکام نے بتایا کہ قومی شاہراہ پر دونوں طرف ٹریفک کی نقل و حمل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاہم مہر - شال گری پر رک رک کر چٹانیں کھسک آنے سے ٹریفک کی نقل و حمل سست ہے۔ بتادیں کہ قومی شاہراہ پر جمعے کے روز ٹریفک کی نقل و حمل مرمت کے کام کی وجہ سے بند تھی۔ ٹریفک پولیس نے اس ضمن میں پہلے ہی ایک بیان جاری کیا تھا جس کے مطابق قومی شاہراہ مرمت کے کام کے پیش نظر 3 اور 10 مارچ کو بھی ٹریفک کے لئے بند رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں: Srinagar Jammu Highway Blocked سرینگر-جموں شاہراہ دوسرے روز بھی بند
اہلیان وادی کے لئے شہہ رگ کی حیثیت رکھنے والی یہ قومی شاہراہ موسم سرما کے دوران چٹانیں کھسک آنے یا مٹی تودے گرآنے کی وجہ سے اکثر و بیشتر بند رہتی ہے۔ اس شاہراہ کے بند رہنے سے لوگوں کو گونا گوں مشکلات سے دوچار ہونا پڑتا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ شاہراہ کے بند ہوتے ہی وادی کے بازاروں میں اشیائے ضروریہ خاص طور پر اشیائے خورد ونوش کی قلت پیدا ہوجاتی ہے اور گراں بازاری بھی آسمان چھونے لگتی ہے ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاوہ ازیں ہوائی کرایہ میں بھی اچانک اضافہ درج ہوتا ہے۔ واضح رہے کہ 21 اور 22 فروری کو بھی ٹریفک بند تھا۔ کیوںکہ ضلع رام بن اور بانہال کے درمیان سرینگر جموں شاہراہ پر مٹی کے تودے گرے تھے۔
یو این آئی