اننت ناگ (جموں و کشمیر) : جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے سریگفوارہ علاقہ میں 15 سالہ لڑکا ڈڈی ندی میں اس وقت ڈوب کر ہلاک ہو گیا جب وہ ندی میں نہا رہا تھا۔ متوفی کی شناخت کاٹھسو، سریگفوارہ سے تعلق رکھنے والے اجمل حسین خان ولد ماسٹر غلام محی الدین خان کے طور پر ہوئی ہے۔ کمسن لڑکے کی موت سے علاقے میں شدید غم کا ماحول ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ گرمی کی شدت سے نجات حاصل کرنے کے لئے اجمل نے ڈڈی ندی میں نہانے کا ارادہ کیا، جس دوران اس کا پاؤں پھسل گیا اور وہ گہرے پانی کے بہاؤ کے زد میں آکر غرقاب ہو گیا۔ اطلاعات کے مطابق وہاں پر موجود بچوں نے شور مچایا جس سے لوگ جمع ہو گئے۔ مقامی لوگوں نے فوری طور پر کمسن لڑکے کو بازیاب کرنے کے لئے ریسکیو آپریشن شروع کیا، جس کے بعد کمسن لڑکے کی لاش کو ندی سے بازیاب کر لیا گیا۔
حادثہ کے بعد علاقہ میں ماتم کی لہر دوڑ گئی اور اسے پُر نم آنکھوں سے اپنے آبائی علاقہ میں سپر خاک کیا گیا۔ واضح رہے کہ گرمیوں میں نہانے کے دوران وادی کے مختلف علاقوں میں ندی نالوں اور دریاؤں میں ڈوب جانے سے کئی افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ دو روز قبل ہی وسطی کشمیر کے گاندربل ضلع میں بھی ایک کمسن لڑکا نہانے کے دوران غرقاب ہو گیا۔ قبل ازیں شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ اور بارہمولہ اضلاع میں بھی اس طرح کے واقعات پیش آئے ہیں، غرقابی کے واقعات میں اکثر و بیشتر کمسن بچے ہی ڈوب کر ہلاک ہو جاتے ہیں۔
مزید پڑھیں: Madrasa Students Drowned مدرسے کے پانچ طلبہ اور استاد تیراکی کے دوران ڈوب گئے