دنیا میں کچھ لوگ ایسے ہوتے ہیں جو کامیابی کے حصول کے لیے ہر مشکل راستوں سے گزر جاتے ہیں، وہیں کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو دوسروں کی خاطر اپنی زندگی وقف کردیتے ہیں، انھیں میں سے ایک نام طارق احمد شیرا کا ہے۔
طارق احمد شیرا سری نگر کے حبا کدل علاقے سے تعلق رکھتے ہیں حال ہی میں انھیں کورونا وائرس اور برف باری کے دوران بھوکے چرند و پرند کو کھانا مہیا کرانے و دیکر سماجی و فلاحی کام میں نمایاں خدمات انجام دینے کے سبب ریئل ہیرو 2021 ایوارڈ سے نوازا گیا۔
طارق احمد شیرا کو بچپن سے ہی سماج کے لیے کام کرنے میں دلچسپی تھی جس کے لیے انھوں نے سنہ 2007 میں ایک ادارہ انجیلس ڈرامٹکلی انسٹی ٹیوٹ کے نام سے کھولا، جس کا مقصد وادی کے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو منظرعام پر لانا تھا۔
لیکن تعلیم کو جاری رکھنے کی غرض سے طارق احمد شیرا نے اس انسٹی ٹیوٹ کو بند کردیا اور تعلیم کے حصول پر اپنا وقت صرف کرنے لگے لیکن پی جی کے بعد انھوں نے اس انسٹی ٹیوٹ کو دوبارہ سنہ 2015 سے شروع کیا۔
طارق احمد شیرا کشمیر میں نوجوان کو منشیات سے دور رکھنے کے لیے منشیات کے خلاف مہم بھی چلا رہے ہیں ، سری نگر کے حبا کدل علاقے سے تعلق رکھنے والے اس نوجوان کی کاوشیں کتنی ثمر آور ہوگی یہ کشمیر کے نوجوانوں پر منحصر ہے۔