مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے دارالحکومت سرینگر کے رہنے والے ایک نوجوان آرٹسٹ کو گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے فلسطین میں اسرائیل کی جانب سے کی جا رہی کارروائی کے خلاف گرافیتی بنائی تھی۔
آئی جی پی کشمیر وجے کمار نے اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ 'پادشاہی باغ کے رہنے والے مدثر گل کو گرفتار کیا گیا ہے۔ اُنہوں نے فلسطین کے حوالے سے ایک گرافیتی بنائی تھی۔ اس کے ساتھ ہی مزید 19 افراد کو احتیاطی طور پر گرفتار کیا گیا ہے۔'
انہوں نے مزید کہا کہ 'گل کی جانب سے بنائی گئی (گرافیتی) کی وجہ سے علاقے میں احتجاج ہوئے اور امن و امان خراب ہوا۔ اس لیے کارروائی عمل میں لانی پڑی۔ باقی تفصیل تحقیقات کے بعد منظر عام پر لائی جائے گی۔'
جموں و کشمیر پولیس نے اس معالے پر کئی ٹویٹ کیے۔ پولیس نے کہا کہ ہم ایسے عناصر پر نظر بنائے ہوئے ہیں جو فلسطین کے خراب حالات کا فائدہ اٹھا کر وادی کے امن و امان اور نظم و ضبط میں خلل ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: شوپیان: اسلامی مبلغ سرجان برکاتی گرفتار
گزشتہ روز جمعہ کی نماز کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں فلسطین کے حق میں احتجاج ہوئے تھے۔ گل کی جانب سے بنائی گئی گرافیتی میں ایک فلسطینی بزرگ خاتون کو دکھایا گیا تھا۔ اس گرافیتی کو بعد میں انتظامیہ نے مٹا دیا۔
واضح رہے کہ گل اس سے قبل کشمیر کی تہذیب و تمدن کے حوالے سے بھی گرافیتی کر چکے ہیں۔