سری نگر: سری نگر لہیہ شاہراہ پر تازہ برف باری کے باعث شاہراہ کو ٹریفک کی آمدورفت کے لئے بند کردیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق سری نگر لہیہ شاہراہ پر تازہ برف باری کے باعث ٹریفک کی آمدورفت ایک دفعہ پھر متاثر ہوئی۔ حکام نے بتایا کہ سری نگر سونہ مرگ ، گمری سڑک کو تازہ برف باری کے بعد ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا۔ ٹریفک حکام نے مسافرو ں کو متبادل راستے تلاش کرنے کا مشورہ دیا۔انہوں نے بتایا کہ برف ہٹانے اور سڑک کو جلدازجلد قابل آمدورفت بنانے کی خاطر مشینری کو کام پر لگا دیا گیا ہے تاہم اس میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔ بتادیں کہ سری نگر لہیہ شاہراہ کو گزشتہ روز ہی گیارہ روز کے بعد ٹریفک کی آمدورفت کے لئے کھول دیاگیا تھا۔
واضح رہے کہ جموں سرینگر قومی شاہراہ پر بانہال کے نزدیک شابن باس کے مقام پر گزشتہ شام لینڈ سلائڈنگ کی وجہ سے جموں سرینگر قومی شاہراہ کو ٹریفک آمد رفت کیلئے بند کر دیا گیا تھا۔ مٹی کے تودے اور پتھر گرنے کی وجہ سے ایک گاڑی ٹاٹا PB35Z/1238 اس کی زد میں آ گئے۔ اس حادثہ میں دو افراد شدید طور زخمی ہو گئے تھے۔ زخمیوں کی شناخت ڈرائیور نریندر سنگھ (35) ولد جگدیش سنگھ ساکنہ پٹھان کو ٹ پنچاب، جسونت سنگھ(46) ولد سرداری لعل ساکنہ پنچاب کے طور ہوئی ہے۔ جانکاری کے مطابق پولیس ٹریفک پولیس اور مقامی رضاکاروں نے بر وقت بچاؤ مہم شروع کر کے زخموں کو سب ڈسٹرکٹ ہسپتال بانہال منتقل کیا۔
یو این آئی