سرینگر کے مضافاتی علاقہ مجہ گنڈ میں سڑکوں کی ابتر حالت راہگیروں اور دکانداروں کے لئے مشکلات پیدا کر رہی ہے۔
حالیہ بارشوں کے سبب مجہ گنڈ علاقے کی اندرونی سڑکیں زیر آب آ گئی ہیں اور پانی کی نکاسی کے لئے ٹھوس اقدامات نہیں اٹھائے گئے ہیں جس کی وجہ سے سڑکوں کی حالت انتہائی خراب ہوگئی ہے اور جگہ جگہ بڑے اور گہرے گھڑے ہو گئے ہیں جن میں پانی جمع ہوگیا ہے۔
سڑکوں کی ابتر حالت کے سبب یہاں سے گاڑی ہو یا پیدل دونوں صورتوں میں عبور و مرور دشوار بن گیا ہے۔
سڑکوں کی حالت پہلے سے ہی ابتر تھی تاہم حالیہ دنوں ہوئی بارشوں کی وجہ سے وہ مزید خراب ہوگئی ہیں اور جگہ جگہ جو گھڑے ہیں ان میں پانی جمع ہونے کی وجہ سے مقامی لوگوں کا چلنا پھرنا دشوار ہوگیا ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ مجہ گنڈ علاقے کی اندرونی سڑکیں پہلے ہی خستہ حالی کی شکار ہیں جن کی کافی عرصے سے کوئی مرمت نہیں کی گئی۔ ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے پہلے بھی کئی دفعہ اعلیٰ حکام اور متعلقہ محکموں تک اس بات کو پہنچایا لیکن کسی نے بھی اس پر غور کرنے کی زحمت نہیں کی۔
انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں اندرونی سڑکوں کی تعمیر کے لئے جلد سے جلد کام شروع کیا جانا چاہئے وگرنہ مستقبل قریب میں پھر سردیوں کے موسم میں انہیں از حد مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔