پارمپورہ، بمنہ میں خاکروب کالونی میں بھیانک آتشزدگی کے باعث 40مکانات تباہ ہوئے۔ گنجان آبادی میں جمعرات کی دوپہر ایک رہائشی مکان سے اچانک آگ نمودار ہوئی جس نے پوری بستی کو اپنی زد میں لے لیا۔
آگ اس قدر بھیانک تھی کہ چند منٹوں کے اندر ہی پوری بستی سے آگ کے شعلے بلند ہونے لگے۔ آگ کی واردات کے سبب پچاس سے زائد کنبے کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
ڈپٹی ڈائریکٹر فائر اینڈ ایمرجنسی سروس نے بتایا کہ آگ کی اطلاع موصول ہونے کے فورا بعد فائر اینڈ ایمرجنسی کی 13گاڑیوں کو روانہ کیا گیا لیکن آگ اس قدر بھیانک تھی کہ آناً فاناً پوری بستی اسکی زد میں آچکی تھی۔
مزید پڑھیں: ضلع ڈوڈہ کے قصبہ ٹھاٹھری میں آتشزدگی، تین منزلہ مکان خاکستر
انہوں نے مزید کہا کہ بستی میں کوڑا کرکٹ اور کباڑ وغیرہ جمع ہونے کے سبب آگ نے بھیانک رخ اختیار کیا۔ ’’ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ کی اس واردات کے دوران یک منزلہ 40مکانات، جن میں اکثر لکڑی سے بنے شیڈ ہیں، جل کر خاکستر ہو گئے ہیں۔‘‘