سرینگر: وادی کشمیر میں خشک موسم کے بیچ محکمہ موسمیات نے جمعرات اور جمعہ کو بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری جبکہ میدانی علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ 29اور 30دسمبر کو موسم میں تبدیلی متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ بالائی علاقوں میں ہلکی سے درمیانہ درجے کی برفباری متوقع ہے جبکہ بعض میدانی علاقوں میں بھی موسم میں تبدیلی کی توقع ہے۔ Kashmir Continues to freeze at sub zero Temperature
انہوں نے مزید کہا وادی کشمیر میں فی الوقت بڑے پیمانے پر موسم خراب ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے تاہم ہلکی برف باری اور درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج ہونے سے زوجیلا، سنتھن ٹاپ، گریز بانڈی پورہ روڑ پر ٹرانسپورٹ کی نقل و حمل متاثر ہونے کا امکان ہے۔ انہوں نے مزید کہا جمعہ بعد دوپہر موسم میں بہتری کا امکان اور چار جنوری 2023تک موسم خشک رہنے کا قوی امکان ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر نے شبانہ درجہ حرارت مسلسل نقطہ انجماد سے نیچے رہنے کی بھی پیشگوئی کی۔ Weatherman Predicts snowfall in Kashmir
قابل ذکر ہے کہ سرد ترین سردی کے ایام - چالیس روزہ چلہ کلاں - 21 دسمبر سے شروع ہو ہو چکا ہے اور تاہم ابھی تک وادی کے کسی بھی حصہ میں بھاری برفباری نہیں ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر نے درجہ حرارت کی تفاصیل فراہم کرتے ہوئے کہا کہا کہ سری نگر میں گزشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی5.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں اس سے قبل شبانہ کا درجہ حرارت منفی4.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ جبکہ اس دوران جھیل ڈل کا اندرونی حصہ بھی منجمند ہوا تھا۔
سری نگر میں25 دسمبر کو رواں سیزن کی سرد ترین رات ریکارڈ ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی5.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارد ہوا تھا۔ وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں گزشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی6.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں اس سے قبل درجہ حرارت منفی5.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 7.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں اس سے قبل درجہ حرارت منفی6.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اس سے قبل درجہ حرارت منفی4.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا یہاں اس سے قبل شب کا درجہ حرارت منفی3.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی13.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی11.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔