سرینگر: وادی کشمیر میں خشک موسم کے بیچ زمستانی ہواؤں کا زور جاری رہتے ہوئے محکمہ موسمیات نے وادی میں برف و باراں کے ایک اور مرحلے کی پیش گوئی ہے۔ دریں اثنا وادی کے مشہور سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام میں رواں سیزن کی اب تک کی سرد ترین راتیں درج ہوئی ہیں۔ متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں 8 سے 10 جنوری تک برف و باراں کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ وادی میں 6 جنوری تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے تاہم اس کے بعد 7 جنوری کو موسم ابر آلود رہ سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں 8 سے 10 جنوری تک بھی موسم ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران برف باری اور بارشیں ہونے کے 70 فیصد امکانات ہیں۔ Weather Forecast in Kashmir
وادی میں مطلع صاف رہنے سے شبانہ درجہ حرارت میں مزید گراوٹ درج ہوئی ہے جس سے پیر کی صبح آبی ذخائر یہاں تک کہ گھروں میں نصب نلوں کا پانی بھی جم گیا تھا جس کے نتیجے میں لوگوں کو صبح کے وقت وضو کرنے کے لئے پانی دستیاب نہیں تھا۔ وادی کے سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام میں رواں موسم کی اب تک کی سرد ترین راتیں درج ہوئی ہیں جہاں شبانہ درجہ حرارت بالترتیب منفی 10.0 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی9.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
گرمائی دارلحکومت سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 0.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ سری نگر میں 25 دسمبر کو رواں سیزن کی سرد ترین رات ریکارڈ ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی5.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی4.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ گیٹ وے آف کشمر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 0.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: Kashmir Weather Update پہلگام اور گلمرگ میں سیزن کی سرد ترین رات ریکارڈ
لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی15.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ضلع کرگل میں بھی شبانہ درجہ حرارت منفی15.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ بتادیں کہ وادی میں شہنشاہ زمستان چالیس روزہ چلہ کلان بر سر اقتدار ہے اس کا دور اقتدار21 دسمبر سے شروع ہو کر 31 جنوری کو اختتام پذیر ہوجاتا ہے۔ یہ چلہ ٹھٹھرتی سردیوں اور بھاری برف باری کے لئے مشہور ہے اس کے بعد بیس روزہ چلہ خورد تخت نشین ہوجاتا ہے جس کی حکومت کے دوران سردی کا زور قدرے تھم جاتا ہے۔
یو این آئی