نیشنل کانفرنس کے سینئر رہنما اور سابق میئر سلمان ساگر نے منگل کے روز سرینگر میونسپل کارپوریشن کے کاؤنسلروں کی جانب سے جنید متّو کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پر ہوئے فلور ٹیسٹ پر اپنا ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اُمید ہے کہ آنے والے دنوں میں ایسی نوبت دوبارہ نہیں آئے گی۔
ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے سلمان کا کہنا تھا کہ 'میں بھی دو بار سرینگر کا میئر رہا۔ ایک بار نائب میئر بھی تھا پر ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا۔ اُمید ہے کہ دوبارہ بھی ایسا نہیں ہوگا۔'
اُن کا مزید کہنا تھا کہ 'کافی عرصے سے کونسلروں کا میئر کے ساتھ اختلاف چل رہا تھا۔ اب اُمید ہے کی نیا میئر عوام کے مسائل حل کرنے پر کاربند رہے گا۔'
جنید متو نے 25 ستمبر 2018 کو نیشنل کانفرنس کے بلدیاتی و پنچایتی انتخابات کا بائیکاٹ کرنے کے فیصلے سے عدم اتفاق ظاہر کرتے ہوئے پارٹی سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔ جنید متو نے چند برس قبل سجاد غنی لون کی پیپلز کانفرنس چھوڑ کر نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کی تھی۔