سرینگر میں تعینات سنٹرل ریزر پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے اہلکاروں کو کووڈ مخالف ویکسین کی دوسری خوراک دی گئی۔
سی آر پی ایف اہلکاروں کو کورونا ویکسین کی پہلی خوراک رواں برس ماہ جنوری میں فراہم کی گئی تھی۔
سی آر پی ایف افسران نے دعویٰ کیا کہ اہلکاروں کو پہلے مرحلے میں کووڈ مخالف ویکسین فراہم کرنے کے دوران کوئی بھی ’’نا خوشگوار‘‘ واقعہ پیش نہیں آیا۔
انہوں نے کہا کہ ’’پہلا مرحلہ خوش اسلوبی کے ساتھ اختتام ہونے کے بعد اب دوسرے مرحلے کی ویکسینیشن شروع کر دی گئی ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ سی آر پی ایف کے سبھی یونٹس میں ایس او پیز کا خیال رکھا جا رہا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر میں بھی دیگر ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام خطوں کی طرح کورونا کے مثبت معاملات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
وادی کشمیر میں مقامی باشندوں، مسافرین، سیاحوں سمیت سی آر پی ایف اہلکار بھی کورونا وائرس کے شکار ہو رہے ہیں۔
ہفتہ کو سرینگر کے ہائی کورٹ میں تعینات 44 بٹالین آر پی ایف سے وابستہ3 جبکہ 44بٹالین سے تعلق رکھنے والے 2 اہلکاروں کی کورونا رپورٹ مثبت پائی گئی تھی۔