ملک میں کرونا وائرس پر قابو پانے کے لیے ہفتے کے روز ٹیکہ کاری کی سب سے بڑی مہم کا آغاز کیا گیا، اس حوالے سے جموں وکشمیر میں بھی اس مہم کا باضابطہ طور پر افتتاح کیا گیا ہے۔
جموں و کشمیر کے سرمائی داراحکومت جموں کے جی ایم سی میں لیفٹینینٹ گورنر نے ٹیکہ کاری مہم کا افتتاح کیا، جبکہ شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ میں ٹیکہ کاری کی افتتاحی تقریب میں ایل جی کے مشیر آر آر بھٹناگر نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔
اس موقع پر مشیر آر آر بھٹناگر نے کہا کہ آج تاریخی دن ہے، کیونکہ جس وبا نے اب تک لاکھوں لوگوں کی زندگیاں چھین لی، اس وبا پر قابو پانے کے لیے ویکیسن سامنے لائی گئی ہے، اس ویکسین کو تیار کرنے والے سائنسدانوں کی جتنی بھی تعریف کی جائے وہ کم ہے، تاہم انہوں نے احتیاطی تدابیر کے ساتھ ساتھ حکومت کی جانب سے وضع کیے گئے رہنما اصولوں پر بھی برابر عمل درآمد کرنے کی ہدایت دی ہے۔
ٹیکہ کاری مہم کی افتتاحی تقریب کے موقع پر شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر اے جی آہنگر نے رضاکارانہ طور ویکسین کا پہلا ٹیکہ بھی لگوایا، انھوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبائی بیماری کے دوران جب ہر سو خوف و ہراس اور اضطراب تھا، اس وقت انسٹی ٹیوٹ کے ڈاکٹروں، نیم طبی عملے، نرسز اور ہسپتال کے دیگر عملے نے انتہائی لگن کے ساتھ اپنے فرائض انجام دئیے جو قابل ستائش ہے۔
ڈاکٹر آہنگر نے مزید کہا کہ انہوں نے اپنے آپ کو پہلے رضاکار کے طور پر اس لیے ٹیکہ لگوایا تاکہ ان کا دیگر عملہ بنا کسی شک یا خوف و خطر کے اس مہم کا حصہ بن سکے۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا کا ٹیکہ لگانے والے بشیر احمد کے ساتھ خاص گفتگو