سرینگر: جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے حماس اسرائیل جنگ کے بعد فلسطینیوں پر ہورہے مظالم پر زبردست دکھ اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت فلسطینیوں پر جو مظالم اور مصائب ڈھائے جارہے ہیں وہ ناقابل بیان ہیں۔
سرینگر میں ایک تقریب حاشئے پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ مجھے اس بات پر افسوس ہے کہ عرب ممالک میں سے کوئی ایسی مضبوط آواز نہیں اُٹھی اور نہ ہی عرب ممالک نے فلسطین کی صورتحال پر اقوام متحدہ یا دنیا کو جگانے کی کوشش کی۔
انہوں نے بین الاقوامی میڈیا کے رول کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ عالمی شہرت یافتہ میڈیا ادارے فلسطین کے زمینی حقائق کو نہیں دکھا رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ لندن میں بی بی سی کے دفتر کا گھیراﺅ کیا گیا اور ان سے پوچھا گیا کہ آپ آج سچ کیوں نہیں دکھا رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: |
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ہندوستان کے رول پر بھی افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ جواہر لعل نہرو کے وقت سے ہندوستان فلسطینیوں کی حمایت کرتا آیا ہے اور فلسطینیوں پر ہورہے مظالم کی روک تھام کی وکالت کرتا آیا ہے لیکن ہندوستان آج وہ آواز نہیں اٹھا رہا ہے بلکہ سرکار نے اسرائیل کا ساتھ دیا ہے ۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ مسلم ممالک اور اقوام متحدہ اس جنگ کو فوری پر بند کرانے کیلئے ٹھوس اور کارگر اقدامات اٹھائیں گے اور فلسطین کے مسئلے کا حتمی حل نکالنے کیلئے راہیں تلاش کی جائیں گی۔
(یو این آئی)