سرینگر:ماہ رمضان المبارک کا متبرک مہینہ اپنی تمام تر رحمتوں، برکتوں اور نیکیوں کے ساتھ عالم اسلام پر سایہ فگن ہوچکا ہے۔ ایسے میں گزشتہ 2 برسوں کے بعد اجتماعی عبادات سے مسجدوں، خانقاہوں اور زیارت گاہوں کے در ودیوار گونج اٹھے ہیں۔ امت مسلمہ کے لیے انتہائی اہم اور خاص مہینے میں چھوٹی بڑی مساجد میں تراویح نمازوں کے لیے خصوصی اجتماعات منعقد ہونے اور پنجگانہ اجتماعی نمازوں کی ادائیگی کے علاوہ درود و اذکار اور قرآن خوانی کی خاص مجالس آراستہ ہونے سے عبادات گاہوں کی رونقیں پھر لوٹ آئی ہیں۔ صیام کا پہلا عشرہ رحمت، دوسرا مغفرت اور تیسرا عشرہ جہنم کی آگ سے نجات کا ہے۔ یہ محترم مہینہ نیکوں کا موسم بہار ہے اور اس میں قرآن پاک کا نزول ہوا ہے۔
گزشتہ برسوں کے دوران ماہ صیام کا متبرک مہینہ غیر معمولی حالات میں گزرا۔ سخت ترین کورونا لاک ڈاؤن کی وجہ سے مساجد میں اجتماعی عبادات پر پابندیاں عائد تھیں جب کہ مساجد، درگاہ اور خانقاہیں تالہ بند تھیں حتیٰ کہ وادیٔ کشمیر کی اکثر مساجد میں جمعہ نماز کے اجتماعات بھی منعقد نہیں ہو پائے تھے۔ لیکن امسال کے رمضان المبارک میں اجتماعی طور پر پنجگانہ نماز ادا کیے جانے سے مساجد میں غیر معمولی گہما گہمی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ کووڈ پابندیوں سے مستثنیٰ مساجد میں اہل ایمان خاصی تعداد میں عبادت گاہوں کا رخ کرتے ہوئے دیکھے جارہے ہیں۔
تاریخی جامع مسجد سرینگر، آثار شریف درگاہ حضرت، حضرت شیخ حمزہ مخدومؒ، خانقاہ معالی سرینگر، حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی ؒخانیار، جناب صاحب صورہ اور آثار شریف کلاشپورہ کے علاوہ دیگر اضلاع کی بڑی مساجد، خانقاہوں اور زیارت گاہوں میں بھی نماز تراویح کے علاوہ اجتماعی طور پر پنجگانہ نمازوں کا اہتمام کیا جارہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
- Spiritual Virtues of Ramadan: رمضان المبارک کی اہمیت و فضیلت
- Mufti Abul Irfan On Taraweeh Namaz: پانچ دن میں تراویح میں قران مکمل کرنا درست نہیں، شہر قاضی
ماہ رمضان کے بابرکت مہینے میں قرآن پاک نازل ہوا ہے جو کہ نہ صرف پوری انسانیت کے لیے مشعل راہ ہے بلکہ امت مسلمہ کے لیے دنیاوی اور آخروی زندگی کی حقیقی سعادت مندی اور خوشحالی کا ضامن بھی ہے۔ ماہ صیام میں ہر نیکی کا اجر وثواب بڑھا دیا جاتا ہے۔ یہ مقدس مہینہ اللہ کی عبادت، اطاعت اور لوگوں کے ساتھ ہمدردی اور غمگساری کا بھی مہینہ ہے۔ اس لیے رمضان المبارک کے افضل اوقات کو دیگر اوقات سے زیادہ ثمر آور بنانے کی کوشش کی جانی چاہیے۔ رمضان المبارک اسلامی کیلنڈر میں ہجری کا نواں مہینہ ہے، اس ماہ میں روزہ رکھنا ہر ایک مسلماں بالغ، عاقل، صحت مند اور مقیم مرد و زن پر فرض ہے۔