سری نگر: محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بارشیں ہوئیں۔ متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں 20 مارچ تک موسمی صورتحال جوں کی توں رہنے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران وادی میں رک رک کر بارشیں ہوسکتی ہیں اور تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔ باغ مالکان سے کہا گیا ہے کہ وہ اس وقفے کے دوران اپنے باغوں کی دوا پاشی کرنے سے احتراز کریں۔ سری نگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 1.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ اس مدت کے دوران قاضی میں 3.8 ملی میٹر، پہلگام میں 2.1 ملی میٹر، گلمرگ میں 0.6 ملی میٹر، کوکر ناگ میں 28.4 ملی میٹر، کولگام میں 19.0ملی میٹر اور اننت ناگ میں 12.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
ادھر وادی میں شبانہ درجہ حرارت میں کہیں کمی تو کہیں اضافہ درج ہوا ہے۔ گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 6.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 6.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت 0.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب بھی یہی درجہ حرارت ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت 2.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت1.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: Rain in Telangana تلنگانہ میں شدید بارش اور ژالہ باری، بیشتر اضلاع میں فصلوں کو نقصان
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 4.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 4.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 3.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 4.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
یو این آئی