پبلک افیئرس انڈیکس 2020 نے مرکزی علاقہ جموں وکشمیر کو بہترین گورننس انڈیکس میں ناقص کارکردگی کرنے والے مرکزی زیر انتظام علاقوں کی فہرست میں سب سے نیچے رکھا ہے۔
یہ درجہ بندی بنگلور میں قائم پبلک افیئرس سنٹر (پی اے سی) کے ذریعہ جاری کی گئی ہے جس کی سربراہی سابقہ بھارتی خلائی تحقیقاتی تنظیم (اسرو) کے چیئر مین کے کستوری رنگان کر رہے ہیں۔
پی اے سی کی درجہ بندی کے مطابق جموں و کشمیر نے منفی 0.50 پوئنٹس اسکور کئے ہیں اور درجہ بندی میں صرف دادر اور نگر حوایلی سے آگے ہے۔ دادر اور نگر حوایلی کا اسکور منفی 0.69 ہے۔
چندی گڑھ یو ٹی کے زمرے میں 1.05 پی اے آئی پوائنٹس کے ساتھ سب سے بہترین مظاہرہ کرنے والی یونین ٹریٹری ہے۔ جس کے بعد پُڈوچیری 0.52 اور لکشدیپ نے 0.003 پوئنٹس حاصل کئے ہیں۔
پی اے سی نے اپنی سالانہ رپورٹ میں کہا ہے کہ ریاستوں اور مرکزی علاقوں کی درجہ بندی حکمرانی کی کارکردگی پر کی گئی ہے۔
یہ درجہ بندی جموں و کشمیر کے تنظیم نو ایکٹ 2019 کے نفاذ کے ایک برس مکمل ہونے کے موقع پر سامنے آئی ہے جس نے ریاست جموں و کشمیر کو دو مرکزی زیر انتظام علاقوں (جموں و کشمیر اور لداخ) میں تقسیم کیا۔
پی اے سی کے مطابق حکمرانی کی کارکردگی کا تجزیہ ایکوئٹی، نمو اور استحکام کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔
پبلک افیئرس سنٹر 2020 کے مطابق کیرالہ کو ملک کی سب سے بہترین ریاست قرار دیا گیا جبکہ اترپردیش بڑی ریاستوں کے زمرے میں سب سے نیچے ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق پبلک افیئرس انڈیکس 2020 سائنسی ڈیٹا پر مبنی فریم ورک ہے جو قومی سطح پر حکمرانی کے معیار کی پیمائش کرتا ہے اور بھارت کی ریاستوں اور مرکزی خطوں کو جامع انڈیکس میں شامل کرتا ہے۔