سرینگر (جموں و کشمیر): سرینگر شہر کے اَپ ٹاؤن علاقہ صنعت نگر میں ایک معروف ڈپارٹمنٹل اسٹور کے خلاف جموں و کشمیر پولیس نے بدھ کو ایک مقدمہ درج کر لیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق اسٹور سے خریدے گئے ملاوٹ شدہ بے بی فوڈ/انفینٹ فارمولہ (Infant Formula) کے بعد ایک بچے کی صحت خراب ہونے کے بعد معاملہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق، 7/11 ڈپارٹمنٹل سٹور، صنعت نگر کے خلاف نوزائدہ کے لیے غیر معیاری/ ملاوٹ شدہ بے بی فوڈ فروخت کرنے کی پاداش میں معاملہ درج کیا گیا ہے۔
جموں و کشمیر پولیس نے اس حوالے سے ایک معاملہ (ایف آئی آر نمبر 48/23) درج کر لیا ہے۔ صدر پولیس اسٹیشن، سرینگر میں تعذیرات ہند کے سیکشن 273 (ناقص کھانے یا مشروبات کی فروخت)، 274 (منشیات کی ملاوٹ)، 275 (ملاوٹ شدہ ادویات کی فروخت)، اور 420 (دھوکہ دہی اور بے ایمانی) کے تحت درج کیا ہے۔ اس حوالہ سے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔
ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ واقعہ کی تحقیقات جاری ہے تاہم ’’ڈپارٹمنٹل اسٹور کو فی الحال سیل نہیں کیا گیا ہے۔ یہ معاملہ ایک شخص کی شکایت کے بعد درج کیا گیا ہے جس میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ اس نے 8 جون کو سٹور سے نوزائدہ کے لئے کا پاؤڈر دودھ ’اپٹامل‘ اسٹیج ون خریدا تھا جس کی وجہ سے ایک ماہ کے بچہ کی صحت خراب ہوئی تھی۔‘‘
مزید پڑھیں: Kashmir BJP Leader Booked: کشمیر میں بی جے پی لیڈر کے خلاف مقدمہ درج
شکایت کنندہ - پیرزادہ عاقب - نے اپنی شکایت میں دعویٰ کیا تھا کہ ’’جب ہم نے باکس پر دیے گئے کسٹمر کیئر نمبر پر کال کرنے کی کوشش کی تو میرے علم میں آیا کہ نمبر اور امپورٹر سلپ جعلی ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے یہی مسئلہ ڈپارٹمنٹل اسٹور کے مالک کے ساتھ اٹھایا، جو ان کے بقول اپنی مصنوعات کے سپلائر کے بارے میں لا علمی کا اظہار کیا۔ شکایت کنندہ کا کہنا تھا کہ ’’مالک نے کیس کو روکنے کے لیے اسے پروڈکٹ کے متبادل کی پیشکش کی۔ ’’وہ بچے کی مصنوعات بیچتے ہوئے اتنے غیر ذمہ دار کیسے ہو سکتے ہیں اور انہیں اس کے نقصانات کا بھی علم نہیں۔‘‘