یہ تقریب سمندر باغ لال چوک سرینگر میں واقع سکل ڈیولپمنٹ مشن ڈیپارٹمنٹ کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوئی جس میں کئی سرکردہ سماجی شخصیات، صحافی حضرات اور دیگر طلباء و طالبات شریک تھے-
خیال رہے کہ احساس انٹرنیشنل نامی غیر سرکاری ادارہ نے کشمیر کے مختلف اضلاع میں تعلیمی لحاظ سے پسماندہ دیہات میں متعدد ایسے کوچنگ مراکز قائم کئے تھے جن میں سینکڑوں طلباء و طالبات نے مفت کوچنگ حاصل کی- احساس انٹرنیشنل کے مطابق ان کوچنگ مراکز میں ایک سو سے زائد اساتذہ نے رضاکارانہ طور پر بچوں کو پڑھانے کا کام بحسن خوبی انجام دیا-
تقریب کے دوران کوچنگ مراکز میں رضاکارانہ طور پر کام کرنے والے سبھی والنٹیرز کو اسناد سے نوازا گیا اور ان کی حوصلہ افزائی کی گئی- مقررین نے اس موقع پر احساس انٹرنیشنل کی تعلیم کے شعبہ میں وادی کشمیر جاری ان کی کاوشوں کی کافی سراہنا کی اور اس میں مزید وسعت لانے کی تاکید کی-
سرینگر کی معروف سماجی و علمی شخصیت حکیم غلام حسین اس موقع پر مہمان خصوصی تھے اور انہوں نے رضاکارانہ طور پر بچوں کو تعلیم دینے والے اساتذہ حضرات کے کام کو سراہا اور ان سے اس بات کی تاکیدی گزارش کی کہ وہ دور افتادہ علاقوں میں پرائمری سطح کے طلباء و طالبات کی تعلیمی صلاحیتوں کو نکھارنے میں اپنا کردار ادا کریں-
ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے اس پروجیکٹ کی کارڈینیٹر صدف فردوس کا کہنا تھا کہ انہوں نے جس طرح سے اس پورے پروجیکٹ کے حوالے سے جو منصوبہ بنایا تھا وہ اس میں ان کو کافی حد تک کامیابی حاصل ہوئی ہے۔