جموں و کشمیر کے گرمائی دارالحکومت سرینگر میں ریاستی کانگریس کمیٹی کی جانب سے پارٹی کا 136 واں یوم تاسیس منایا گیا۔
اس ضمن میں پارٹی کے صدر دفتر میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پارٹی سے وابستہ تمام علاقائی رہنماؤں نے شرکت کی، تقریب کی شروعات قومی ترانے کے ساتھ کی گئی۔
کانگریس پارٹی کے سینیئر رہنما چینی سنگھ نے ای ٹی وی بھارت سے کہا کہ موجودہ بی جے پی حکومت کسانوں کا حق چھیننے پر تلی ہوئی ہے، جبکہ کانگریس ہمشہ کسانوں کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور مستقبل میں بھی کھڑی رہے گی، ہم مرکزی حکومت سے اپیل کرتے ہیں کہ کسانوں کے مطالبات کو جلد از جلد تسلیم کیا جائے تاکہ وہ لوگ سخت سردی سے محفوظ رہ سکیں۔
واضح رہے کہ 28 دسمبر 2020 کو انڈین نیشنل کانگریس کا 136 واں یوم تاسیس ہے، اس دن کو منانے کے تعلق سے اے آئی سی سی نے ایک پریس ریلیز جاری کرکے پارٹی کے یوم تاسیس پر پردیش کانگریس کمیٹیوں کے تحت ریاستی اور ضلعی صدر دفاتر، ممبران پارلیمنٹ، ایم ایل ایز اور کارکنوں کو پارٹی کے یوم تاسیس پروگراموں میں شرکت کرنے کی اپیل کی۔
پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ اے آئی سی سی نے مزید بتایا کہ آئی این سی کا ویژن ہمیشہ ہی سیکولر، جمہوری اور متحدہ بھارت کی تشکیل کے لئے رہا ہے۔
واضح رہے کہ انڈین نیشنل کانگریس 28 دسمبر 1885 کو تشکیل دی گئی تھی اور پارٹی نے اسی سال 31 دسمبر کو ممبئی میں اپنا پہلا اجلاس منعقد کیا تھا۔ جب کہ ایڈوکیٹ اومیش چندر بنرجی آئی این سی کے پہلے صدر تھے۔
مزید پڑھیں: یوم تاسیس کے موقع پر کانگریس کی ترنگا یاترا