'کھیلو انڈیا' سرمائی کھیلوں کے دوسرے ایڈیشن کا باضابطہ آغاز ہو گیا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے عالمی شہرت یافتہ سکی ریسورٹ گلمرگ میں ہونے والے کھیلو انڈیا ونٹر گیمز کا آن لائن افتتاح کیا۔
اس سے قبل جمعرات کے روز جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور وزیرِ کھیل کیرن رِجیجو نے مشعل روشن کر کے پروگرام کی شروعات کا اعلان کیا۔ اس تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے منوج سنہا نے کہا ، "جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم مہیا کرنے کے لیے ان کھیلوں کا اہتمام کیا جارہا ہے۔"
انہوں نے مزید کہا ، "وبائی مرض کو کافی حد تک قابو میں کر لیا گیا ہے۔ میں جموں و کشمیر کے عوام کی طرف سے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ اس وبائی مرض کے پھیلاؤ کو قابو کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے۔"
وہیں، ڈویژنل کمشنر (کشمیر) نے اعتراف کیا کہ وبائی بیماری کا خطرہ اب بھی موجود ہے اور عوام کو محتاط رہنا چاہئے۔
انہوں نے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا، "انتظامیہ ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ سرینگر ہوائی اڈے اور جموں ریلوے اسٹیشنز پر بھی ٹیسٹ کرایا جارہا ہے۔ بغیر ٹیسٹ کے خطے میں کسی بھی مسافر کو داخلے کی اجازت نہیں ہے۔"
کھیلو انڈیا سرمائی کھیل 2021 کا انعقاد جموں و کشمیر اسٹیٹ اسپورٹس کونسل کے ذریعہ کھیلو انڈیا کے اشتراک سے کیا گیا ہے اور ای ٹی وی بھارت کھیلوں کا میڈیا پارٹنر ہے۔ ان کھیلوں میں جموں و کشمیر ، لداخ ، کرناٹک ، بہار ، دہلی ، ہریانہ ، اتراکھنڈ ، پنجاب ، بہار ، تمل ناڈو ، تلنگانہ ، چنڈی گڑھ ، لکشدویپ ، مدھیہ پردیش ، آندھرا پردیش ، اوڈیشہ ، اتر پردیش ، مہاراشٹرا، ہماچل پردیش اور راجستھان کے 603 ایتھلیٹوں نے شرکت کر رہے ہیں۔