سرینگر (جموں و کشمیر) : صحت و طبی تعلیم کے سیکریٹری بھوپندر کمار نے قومی آیوش مشن کی 114 ویں ایگزیکٹیو میٹنگ کی صدارت کی، جس میں مالی سال 2023 24 کے لئے ریاستی سالانہ ایکشن پلان کے ساتھ ساتھ ڈائریکٹوریٹ آف آیوش جموں اور کشمیر کے ذریعے جاری کردہ قومی آیوش مشن کے تحت 100 کروڑ روپے پر تفصیل سے غور کیا گیا ہے اور وزارت آیوش حکومت کو پیش کرنے کی سفارش کی گئی۔ اس موقع پر ڈائریکٹوریٹ آیوش، جموں وکشمیر، ڈاکٹر موہن سنگھ نے ریاستی سالانہ ایکشن پلان کے مختلف امور کے بارے میں ایک تفصیلی پاور پوائنٹ پریزنٹیشن پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ ایس اے اے پی کے ہر جزء کو آیوش کی وزرات کے رہنما خطوط کے مطابق تیارکیا گیا ہے۔ جموں وکشمیر کے ہر کونے میں آیوش خدمات کے فروغ، پھیلاؤ اور توسیع کے کو مدنظر رکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ مالی سال 2023 24 کے دوران مزید 129 آیوش ڈسپنسریز کو آیوش ہیلتھ اینڈ ویلنیس سنٹرز میں اپ گریڈ کرنے کی تجویز ہے، جس کے نتیجے میں تمام آیوش ڈسپنسریز کو یوٹی میں آیوش ہیلتھ اینڈ ویلنیس سنٹرز میں اپ گریڈ کیا جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ 3 برسوں کے دوران جموں وکشمیر میں پہلے ہی 442 آیوش ڈسپنسریز کو آیوش ایچ اینڈ ڈبلیو سی میں اپ گریڈ کیا گیا ہے۔ آیوش وزارت حکومت ہند نے پہلے ہی ضلع کپوارہ،کولگام، کشتواڑ، سانبہ اور کھٹوعہ میں 50 بستروں والے پانچ ہسپالوں کو منظوری دی ہے۔ اس موقع پر سیکریٹری نے ڈائیریکٹوریٹ آف آیوش جموں و کشمیر کے گزشتہ 3 برسوں سے کیے گئے کام کی تعریف کی اور مشورہ دیا کہ آیوش کو جموں وکشمیر یوٹی میں لوگوں کے علاج کی پہلی پسند کے طور بنانے کے لیے مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔