پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کی طرف سے 24 جون کو وزیراعظم نریندر مودی کی کشمیر معاملات پر طلب کی گئی میٹنگ میں شرکت کرنے پر تذبذب برقرار رکھا ہے۔
پی ڈی پی نے آج صبح 11 بجے پولیٹیکل افیئرز کمیٹی کی میٹنگ منعقد کی جس میں بیشتر رہنماؤں نے ورچوئل موڈ کے ذریعے شرکت کی۔
میٹنگ کے اختتام پر پی ڈی پی ترجمان سہیل بخاری نے میڈیا کو بتایا کہ محبوبہ مفتی کے شرکت کے متعلق پولیٹیکل افیئرز نے طے کیا کہ پارٹی صدر ہی اس بات کا فیصلہ کریں گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ منگل کو اس معاملے پر پیپلز الائنس فار گپکار ڈکلریشن کی میٹنگ منعقد ہوگی جس میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ طے پائی گئی میٹنگ میں شرکت کرنے پر مزید گفتگو ہوگی۔
جموں و کشمیر میں تقریباً دو برس کے بعد سیاسی سرگرمیوں نے طول پکڑ لیا ہے اور گزشتہ دو ہفتوں سے یہاں کی دبی ہوئی مین سٹریم سیاست دوبارہ زندہ ہوئی ہے۔
دراصل وزیر اعظم نریندر مودی 24 جون کو جموں و کشمیر کی سیاسی جماعتوں کے 14 اہم رہنماؤں سے سیاسی صورتحال کو بحال کرنے کے لیے دہلی میں گفتگو کریں گے۔
اس گفتگو کی تیاریاں کرنے میں گزشتہ دو ہفتوں سے وادی کشمیر میں متعدد سیاسی سرگرمیاں دیکھی گئیں جس میں نیشنل کانفرنس اور پیپلز الائنس فار گپکار ڈکلریشن نے ملاقاتیں کیں۔
یہ بھی پڑھیں: جموں و کشمیر کے 14 رہنماؤں کی وزیراعظم کے ساتھ 24 کو میٹنگ متوقع
وزیر اعظم سے ملاقات سے قبل پی ڈی پی محبوبہ مفتی کی صدارت میں پولیٹکل افئرز میٹنگ طلب کی تھی جس میں وزیر اعظم سے ملاقات کرنے پر آپسی گفت و شنید کی گئی۔
وہیں نیشنل کانفرنس اور الطاف بخاری کی اپنی پارٹی بھی اس ضمن میں میٹنگ کا انعقاد کر رہی ہے۔
بی جی پی کے سینئر رہنما اور سابق نائب وزیر اعلیٰ کویندر گپتا نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ اس اہم میٹنگ میں جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کا انعقاد، حد بندی اور ریاستی درجہ ممکنہ بحالی کے متعلق گفتگو ہوگی۔