سرینگر: جموں وکشمیر پولیس کے اسپیشل ڈائریکٹر جنرل (سی آئی ڈی) آر آر سیوان کا کہنا ہے کہ پولیس عام لوگوں کے دل و دماغ سے خوف وڈر کو کم کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس عوام کے لئے اور عوام کے ساتھ ایک منظم دشمن کے خلاف برسر پیکار ہے۔
موصوف اسپیشل ڈائریکٹر نے ان باتوں کا اظہار پیر کے روز جموں وکشمیر پولیس کی طرف سے منعقدہ بڑے میگا میراتھن کے موقعہ پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ 'جموں وکشمیر پولیس ایک ایسی فورس ہے جو ایک ایسے منظم دشمن جو باہر سے طاقت بٹورتا ہے اور اندرونی طور پر مضبوط ہونے کی کوشش کرتا ہے،کے خلاف عوام کے لئے اور عوام کے ساتھ لڑ رہی ہے'۔
مزید پڑھیں: Dilbagh Singh on Narco Terrorism: پاکستان نارکو ٹیررزم کا اصل منبع، دلباغ سنگھ
ان کا کہنا تھا کہ 'کچھ لوگ، جو تشدد کو فروغ دیتے ہیں، کے خلاف لڑنے کے لئے خاص بہادری کا ہونا ضروری ہے جس سے جموں وکشمیر پولیس سرشار ہے'۔انہوں نے کہا کہ 'ہم یہ جنگ خاموشی سے دور گاؤں میں رہنے والے ایک شخص، چھوٹے سرکاری ملازم، صحافی، وکیل، خطیب کے لئے لڑ رہے ہیں'۔
آر آر سیوان نے کہا کہ گاندھی جی نے ہمیشہ عدم تشدد کو فروغ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ 'ہمیں امن پسند لوگوں اور ان لوگوں جن کا مقصد تشدد ہے، کے درمیان فرق کرنا ہوگا'۔ان کا کہنا تھا کہ 'لہذا ہماری جنگ ان لوگوں کے خلاف ہے جو تشدد کو فروغ دے رہے ہیں ہماری جنگ عام لوگوں کے لئے ہے اور ہماری کوشش لوگوں کےدل و دماغ سے ڈر کو کم کرنا ہے'۔