وسطی کشمیر کے ضلع سرینگر کے ہائڈر پورہ علاقے میں منگل کے روز سڑک حادثے میں ایک 22 سالہ نوجوان جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہوگیا۔
پولیس عہدیداروں نے بتایا کہ 'ایک ٹپر کا ہائڈر پورہ میں حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں ایک نوجوان کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔
انہوں نے بتایا کہ اس حادثے میں ایک اور نوجوان زخمی بھی ہوا۔
انہوں نے جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت یسین احمد خان (22) ولد فاروق احمد خان سدرکوٹ بانڈی پورہ کے نام سے کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ 'قانونی کاروائی مکمل ہونے کے بعد مقتول کی لاش کو آخری رسومات کے لئے اہل خانہ کے حوالے کردیا گیا ہے۔
تاہم، زخمی شخص کو جدید علاج کے لیے سرینگر کے ایس ایم ایچ ایس اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔
حکام نے بتایا، زخمی شدہ شخص کی شناخت وارس احمد نجار ولد محمد صادق نجار سدرکوٹ بالا کے نام سے ہوئی ہے۔
ادھر، پولیس نے بتایا کہ اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور تفتیش شروع کردی گئی ہے۔